ملک کے بالائی علاقوں میں موسم نے رنگ بدلا، بدلی چھائی، آندھی آئی ، رم جھم برسی اور ژالہ باری نے موسم قدرے ٹھنڈا کردیا، آندھی کے باعث سائن بورڈز ، دکانوں اور مکانوں کی چھتیں اڑ گئیں، درخت جڑ سے اکھڑ گئے جبکہ میدانی علاقے بدستور گرمی کی لپیٹ میں ہیں جہاں سورج بدستور آگ برسا رہا ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں سہ پہر اچانک موسم نے کروٹ لی ، گالی گھٹائیں چھائیں، تیز ہوائیں چلیں، کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش اور ژالہ باری نے جھل تھل ایک کردیا، مری میں جتنی تیز ہوائیں چلیں اتنی ہی تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہوئی۔
آزادکشمیر کے مختلف اضلاع میں تیز آندھی کےساتھ بارش ہوئی، مظفرآباد میں آندھی سے رمضان بازار میں شامیانے ، دکانوں اور مکانات کی چھتیں اورسائن بورڈز اڑ گئے، کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئےاو ر گاڑیوں پر گرگئے۔
مانسہرہ میں سرمئی بادلوں نے ڈیرے ڈالے اور پھر برس پڑے، گرمی سے بے حال بچے گلیوں میں نکل پڑے اور خوب موسم کو انجوائے کیا، سوات ، کوہاٹ اور ہنگو میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔
جھنگ ، ڈیرہ غازی خان ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، چکوال، سیالکوٹ، حافظ آباد ، منڈی بہاؤالدین ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی شام کے وقت اچانک چلنے والی تیز ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
ملک میں کہیں بارش اور آندھی سے موسم خوشگوار ہوا تو کہیں گرمی کا بھی وار جاری رہا۔
بہاولپورسے جڑے صحرائے چولستان پران دنوں سورج آگ برسا رہا ہے، شدید گرمی ،لوکے تھپیڑوں ،خشک ہواؤں اورپانی کی قلت نے مقامی افراد کومال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر نقل مکانی پر مجبورکردیاہے، آج سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔