کراچی(اسٹاف رپورٹر) نامساعد حالات اور چیلنجز کے باوجود پاکستان سے 3لاکھ70ہزار ٹن کینو برآمد کیا گیا جو اب تک کسی بھی سیزن میں کینو کی برآمدکا بلند ترین حجم ہے۔آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز، امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ اور ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر وحید احمد کے مطابق دسمبر 2017سے شروع ہونے والی کینو کی برآمدات مئی کے اوائل تک جاری رہی۔ حالیہ سیزن میں کینو کی ایکسپورٹ 3لاکھ70ہزار ٹن رہی جبکہ گزشتہ سیزن میں 3لاکھ 25ہزار ٹن کینو برآمد کیا گیا تھا۔ حالیہ سیزن میں 3لاکھ 70ہزار ٹن کینو کی برآمد سے ملک کو 22کروڑ 20لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا ہے۔روسی مارکیٹ میں پاکستانی ایکسپورٹرز کی مسابقت آسان بنانے کے لیے پی ایف وی اے کے موقف کی بھرپور حمایت کی جس کے نتیجے میں وزارت تجارت نے روس کو کینوکی ایکسپورٹ پر فی کنٹینر 200ڈالر فریٹ سبسڈی کی سہولت فراہم کردی ہے ۔وفاقی وزارت تجارت ، ایف پی سی سی آئی اور پی ایف وی اے کی مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں انڈونیشیا کی مارکیٹ میں پاکستانی کینو کے لیے کوٹے کی پابندی کے خاتمے نے کینو کی ایکسپورٹ بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔