راولپنڈی، اسلام آباد ( نمائندہ جنگ، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی سے قومی اسمبلی کی سات اور صوبائی اسمبلی کی پندرہ نشستوں پر کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کروانے کے تیسرے روز قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر مجموعی طور پر 8امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے امیدواروں میں حلقہ این اے 60سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد،آزاد امیدوار راجہ فرخ جاوید این اے 62سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، پاکستان مسلم لیگ ن کے یاسر محمود، تحریک لبیک کے چوہدری قدیر، جبکہ صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 13سے پاکستان مسلم لیگ ن کے راجہ محمد اکرم ، راجہ شاہد ظفر اور وقار حسین ڈار ، تحریک لبیک پاکستان کے راجہ چوہدری رضوان، پی پی17سے پاکستان مسلم لیگ ن کے محمد حفیظ نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ۔ دریں اثناءوفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تین حلقوں کے امیدواروں کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے انتخابی عملہ کے مطابق تین حلقوں میں مجموعی طورپر 152امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے پی ٹی آئی کے امیدوار الیاس مہربان نے 2 حلقوں میں کاغذات نامزدگی جمع کروائے جبکہ علی نواز اعوان نے این اے 53 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ حلقہ این اے 52 سے کاغذات جمع کرانے والوں میں منیر اعجاز، محمد جمیل کھوکھر، کامران نصرت ، بلال فضل امین ، محمد عبداللہ سعید احمد اعوان اور حافظ محمد اسلم شامل ہیں ۔ این اے 52 میں پی ٹی آئی کے چوہدری الیاس مہربان اور چوہدری ساجد رحمن نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں این اے 54 اسلام آباد میں مجموعی طور پر 78 امیدوار کاغذات نامزدگی وصول کرچکے ہیں۔ مسلم لیگ ( ن )کے حفیظ الرحمن ٹیپو، ایم ایم اے کے محمد عبداللہ ، بلال فیصل ، محمد کاشف جے یو آئی ، مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد نور اعوان، جبکہ زبیر فاروق، ملک ربنواز اور راجہ عبدالحفیظ ایڈووکیٹ شامل ہیں۔