• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی مخالفین کو پتہ ہے میرا پائوں کس کی دُم پر ہے، پیپلز پارٹی کیوں چیختی ہے، چوہدری نثار

اسلام آباد(ایجنسیاں، جنگ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا سیاسی مخالفین کو پتہ ہے میرا پاؤں کس کی دُم پر ہے، پیپلز پارٹی کیوں چیختی ہے۔ کبھی نہیں کہا داعش کا پاکستان میں وجود ہے۔ دہشت گرد تنظیموں نے داعش کے نام پر فرنچائز کھول رکھی ہیں۔مولانا عبدالعزیز نے قانون توڑا تو ایکشن ہوگا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں۔ بار بار کہا ہے کہ داعش مڈل ایسٹ کی تنظیم ہے جو شمالی افریقا تک پھیلی ہوئی ہے۔ داعش بہت ساری طاقتوں کے ساتھ موت کی جنگ لڑ رہی ہے۔ دہشت گرد پاکستان میں داعش کا نام استعمال کر کے از خود فرنچائز کھول رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا یہ وہ دہشت گرد تنظیمیں ہیں جو پہلے سے دہشت گردی میں مصروف ہیں۔ سندھ میں حزب اسلامی کا گروپ پکڑا گیا۔ پاکستانی کے طور پر حیران ہوں کہ کیوں داعش داعش کرتے ہیں۔ داعش کا نام لینے پر ہیڈ لائن بنا دی جاتی ہے۔ جو بھی دہشت گرد تنظیمیں موجود ہیں وہ نشانے پر ہیں۔ دہشت گرد تنظیمیں بھاگ رہی ہیں۔ چھوٹا سا پٹاخہ بھی پھٹے تو دہشت گرد اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں تاکہ ان کا پروفائل بڑھے۔ وزیر داخلہ نے کہا داعش کیوجہ سے دنیا میں اسلام کا نام بدنام ہو رہا ہے۔ بدقسمتی سے ہم دہشت گردوں کی تشہیر کرتے ہیں۔ داعش اگر ہے تو سیاست دان نشاندہی کرے کدھر ہے؟۔ چوہدری نثار نے کہا سیاسی مخالفین کو پتہ ہے اُن کا پاؤں کس کی دُم پر ہے۔ نہیں معلوم پیپلز پارٹی کیوں چیختی ہے۔ چوہدری نثار نے پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا آئندہ چند دنوں میں وزارت خارجہ کی ٹیم بھارت کا دورہ کریگی۔ اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم کے دورے کے بعد بہت ساری چیزوں کا پتا چلے گا اور میڈیا کو معلومات سے آگاہ کیا جائیگا۔ وزیر داخلہ نے کہا آرمی چیف کے معاملے پر دور دور تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ معاملے میں میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ آرمی چیف کو حکومت کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔
تازہ ترین