سیالکوٹ کے علاقے نکہ پورہ میں 3 مسلح ڈاکو جوتوں کے اسٹور میں گھس گئے، گارڈ نے شٹر گراکر دکان بند کر دی، ڈاکوؤں نے گاہکوں اور عملے کو یرغمال بنالیا تاہم پولیس نے ڈاکوؤں کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کردیا اور یرغمالیوں کی جان بچالی، تینوں ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق سیالکوٹ کے علاقےنکہ پورہ میں تین مسلح ڈاکوؤں نے بازار میں برتن کی دکان میں ڈکیتی کی کوشش کی تاہم گارڈ کیساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد تینوں ڈاکو جوتے کی دکان میں داخل ہوگئے، جس پر گارڈنے باہر سے شٹر بند کر دیا اور گاہک ، ان کے بچے اور عملے کے افراد محصور ہوگئے ۔
پولیس نے بروقت پہنچ کر دکان کا گھیراؤ کرلیا اور ڈاکوؤں کو گرفتاری دینے پر مجبور کردیا، پہلے بچوں اور گاہکوں کو باہر نکالا گیا گیا اور پھر ڈاکوؤں نے ہتھیار پھینک کر گرفتاری پیش کردی ، واقعہ میں جانی نقصان نہ ہونے پر علاقے کے افراد نے سکھ کا سانس لیا ہے۔