کراچی ( جنگ نیوز ) دنیا کے مقبول ترین کھیل فٹبال کا سب سے بڑا مقابلہ قریب آرہا ہے اس کے ساتھ ہی لوگوں کی دیوانگی اور تجسس میں اضافہ ہورہا ہے ۔ روس میگا ایونٹ کی میزبانی کیلئے تیار ہے، ملک بھر میں فیسٹول کا سماں ہے۔ سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔ فٹبال کے دیوانے دنیا بھر سے روس پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ فیفا کے مطابق اب تک 24 لاکھ سے زائد ٹکٹس فروخت کیے جاچکے ہیں۔ سب سے زیادہ 8لاکھ 72 ہزار ٹکٹس روسیوں نے حاصل کیے ہیں امریکی فینز 88a825ٹکٹس کے ساتھ دوسرے ،برازیلی72512 ٹکٹس خرید کر تیسرے نمبر پر ہیں۔ فٹبال کی عالمی تنظیم کے مطابق اس سے قبل ایک لاکھ ٹکٹس جو فیفا مندوبین کیلئے مخصوص کیے گئے تھے اب عام شائقین کو فروخت کیلئے پیش کردیے گئے ہیں۔ روسی دارالحکومت دنیا بھر سے فٹ بال پرستاروں کے خیرمقدم کیلیے بے چین ہے۔ ایک ماہ کے دوران مہمان صرف ورلڈ کپ میچز نہیں بلکہ روسی فن وثقافت اور روایتی کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔ ماسکو کے محکمہ کھیل وسیاحت کے زیر اہتمام ہفتہ 10 جون سے ’’فینز فیسٹ‘‘ کا آغاز کیا جارہا ہے۔ اس دوران مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، معروف آرٹسٹ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ اس موقع پر فیفا ورلڈ کپ ٹرافی بھی نمائش کیلئے موجود ہوگی، فینز کو ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنانے کا نادر موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔ فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کا کہنا ہے کہ روس عالمی چیمپئن شپ کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔ اور یہ بات 14 جون کو پوری دنیا بھی اچھی طرح جان لے گی جب روس اور سعودی ٹیمیں میدان میں ہونگی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ میں کوشش کروں گا کہ ٹورنامنٹ میں شریک ہر ٹیم کا ایک میچ ضرور دیکھوں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے روس آنے والے افراد بے فکر رہیں، یہاں آپ کی بہترین تواضع اور مکمل حفاظت کی جائے گی۔ دریں اثنا 80 ہزار نشستوں والے لزہنکی اسٹیڈیم میں افتتاحی میچ کی میزبانی کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ماسکو میں اس اسٹیڈیم کو ممتاز حیثیت حاصل ہے۔ شہر کے اہم کمرشل علاقے میں واقع اس کمپلیکس کو میگا ایونٹ کیلئے نئی شکل دی گئی ہے۔ تزئین و آرائش کے بعد لزہنکی اسٹیڈیم ماسکو میں کھیلوں کا مرکز اور شہر کی نئی علامت بن گیا ہے۔ یہاں ورلڈ کپ کے سات میچز کھیلے جائیں گے۔