خوبصورت،حسین اور ذہین شخصیت، اسکیچنگ میں ماہر،بے مثال اور بےپروا ہنسی کی ملکہ سری لنکا کی سابقہ مس یونیورس جیکولین فرنینڈس۔ بالی ووڈ اداکارہ جیکولین کے مداحوں کی تعداد کم نہیں کیا آپ بھی جیکولین کی خوبصورتی کے دیوانے ہیں؟ جیکولین کا اتنا اسمارٹ ہونا کیا آپ کو بھی ان کا پرستار بنا دیتا ہے؟ کیا آپ جانتے ہیں کہ جیکولین کا شمار بالی ووڈ کی ان اداکاراؤں میں ہوتاہے جو فلموں میں جتناخوبصورت نظر آتی ہیں،حقیقت میں بھی اتنی ہی پیاری ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ کم وقت میں وہ بالی ووڈ میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے لگی ہیں۔
آخر اس حسن کے پیچھے چھپا راز کیا ہے؟ آئیے جانتے ہیں جیکولین فرنینڈس کی فٹنس، ورک آؤٹ کا معمول اور ڈائٹ پلان کا راز ۔جیکولین کا تعلق سری لنکا سے ہے،33 سالہ خوبرو اداکارہ نے سڈنی یونیورسٹی سے ماس کمیونیکیشن میں گریجویشن کرنے کے بعد سری لنکا میں رپورٹر کے طور پربھی کام کیا ۔بالی ووڈ میں قدم رکھتے ہی جیکولین ایسے اداکاروں کی فہرست میں شامل ہوگئیں جو’’ آئے اور چھاگئے ،،کے مصداق آگے بڑھتے ہیں۔جہاں جیکولین کی کامیابی میں ان کے ٹیلنٹ کا مکمل ہاتھ ہے،وہیں ان کی خوبصورتی کا بھی ۔
فٹنس کا راز
بالی ووڈ کی ملکہ جیکولین فرنینڈس کے پرستار ان کی خوبصورتی کی طرح فٹنس کے بھی دیوانے ہیں ۔یہ فٹنس جیکولین نے کیسے حاصل کی اور اس کا خیال وہ کیسے رکھتی ہیںاس بارے میں جیکولین کا کہنا ہے کہ وہ بالی ووڈ کی درازقداداکارہ شلپا شیٹھی اور سپر اسٹار دیپیکا پاڈوکون کے ورک آؤٹ معمولات سے بے حد متاثر ہیں ۔جیکولین کی فٹنس بھی سخت ورک آؤٹ اور منظم زندگی کی بدولت ہے۔
٭روزانہ سات بجے جیکولین کی صبح کا آغاز ایک کپ گرین ٹی کے ساتھ ہوتا ہے۔
٭گھرمیں ہی ایک سے دوگھنٹے کے لیے ورک آؤٹ کرتی ہیں۔
٭جیکولین کے فٹنس معمولات میں تیراکی، ڈانسنگ،یوگااور مراقبہ شامل ہے، کتنی بھی مصروفیت ہو جیکولین یوگا نہیں چھوڑتیں۔
٭اپنا وزن نہ بڑھنے دینے کے لیے جیکولین نے باقاعدگی سے جم اور ڈانس کلاسز بھی جوائن کی ہوئی ہیں۔
٭ہفتے میں تین بار تیراکی کرنا جیکولین کی فٹنس کا معمول ہے۔
ڈائٹ پلان
مناسب کھانا،بھرپور نینداور باقاعدگی سے ورزش جیکولین فرنینڈس کا ڈائٹ پلان ہے۔ اگر آپ بھی ان اصولوں پر سختی سے عمل کریں تو اچھےبال ،جلد اورمتوازی وزن کا خواب پایہ تکمیل تک پہنچانا آپ کے لیے نہایت آسان ہوگا۔کیونکہ آپ کی غذا نہ صرف صحت بلکہ جلد پر بھی اثر انداز ہوتی ہےلہذا جو بھی کھائیں غذائیت سے بھرپور کھائیں ۔
٭جیکولین میکروبائیوٹک ڈائٹ پلان پرعمل کرتی ہیں، ان کی خوراک میں چاول ،پھلیاں یا پروٹین، ترکاریاں اور سلاد شامل ہیں ۔ہرے پتوں والی سبزیوں کا استعمال جیکولین کو بہت پسندہے۔
ۭ٭جیکولین صبح کے وقت گرم پانی میں شہد اور لیموں ملا کر پیتی ہیں۔
٭ان کا پسندیدہ ناشتہ ابلے ہوئے انڈے،سبز چائےاور خام پھل ہیں۔
٭دوپہر کے کھانے میں براؤن رائس،مسور کی دال اور زیادہ سے زیادہ سلاد لینا پسند کرتی ہیں۔
٭رات کے کھانے میں گرلڈ فش اور ہری سبزیوں کا استعمال زیادہ کرتی ہیں ۔
٭چائے اور کافی کے استعمال سے دور جبکہ گرین ٹی شوق سے پیتی ہیں۔
٭کام کے دوران ہلکی پھلکی بھوک محسوس ہو تو گھر میں بنی نیوٹری بالز،مکس ڈرائی فروٹ اور سیڈز(بیجوں) کا استعمال کرتی ہیں۔ جیکولین کی اسمارٹ نیس کا ایک راز یہ بھی ہے کہ وہ چینی کا استعمال بالکل بھی نہیں کرتی ۔
ورک آؤٹ کا معمول
جیکولین جم جانے کا جنون رکھنےوالی سیلیبرٹیز میں سےہر گز نہیں۔متناسب جسم کے حصول کے لیے وہ باقاعدگی سے ورزش ضرور کرتی ہیں۔اسٹیمنا بڑھانے کے لئے ہفتے میں پانچ بار یوگا آسن جیکولین کے ورک آؤٹ میں شامل ہے۔ان کا ورک آؤٹ روٹین مندرجہ ذیل ہے۔
٭ان کی صبح کا آغاز بیس سے چالیس منٹ کے یوگا آسن سے شروع ہوتا ہے۔
٭ہفتے میں تین بار چالیس منٹ کی دوڑ یا تیراکی کرنا۔
خوبصورتی میں نکھار
بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ جیکولین فرنینڈس اپنی خوبصورتی کے متعلق کہتی ہیںکہ جلد کی خوبصورتی کیلئے قدرتی اشیاءکا استعمال بہترین ہے۔ جلد کے لیے دہی اور شہد ملا ماسک ان کا پسندیدہ ترین ماسک ہے۔ اس سے ان کی جلد میں قدرتی چمک پیدا ہوتی ہے اور ان کا چہرہ تروتازہ دکھائی دیتا ہے ۔ چہرے پر نکھار کے لیے وہ چہرے اور آنکھوں پر چند لمحوں کیلئے برف کابھی استعمال کرتی ہیں۔وہ رات کو باقاعدگی سے کلینزنگ کرتی ہیں اور بعدازاں ٹونر اورموائسچرائزر بھی استعمال کرتی ہیں۔