• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
امل کلونی، انسانی حقوق کی ایک اہم شخصیت

56 سالہ امریکی اداکاروہدایتکار جارج کلونی کی 39 سالہ لبنانی نژاد برطانوی اہلیہ امل کلونی پیشے کے لحاظ سے وکیل ہیں۔ وہ اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر ہیں جبکہ ان کا شمار عالمی انسانی حقوق کے اہم رہنماؤں میں بھی ہوتا ہے۔امل کلونی کے کلائنٹس میں وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج بھی شامل رہے ہیں، اس کے علاوہ وہ یوکرین کی سابقہ وزیراعظم یولیا تائموشکنو اور مصری نژاد کینیڈین صحافی محمد فاہمی کی بھی نمائند گی کرچکی ہیں۔

ابتدائی حالات

امل کلونی3فروری 1978 کو لبنان کے شہر بیروت میں پیدا ہوئیں ۔1980ء میں لیبیا میں ہونے والی خانہ جنگی کے باعث علم الدین فیملی نے لبنان کو خیر باد کہہ کربکنگھم شائر میں رہائش اختیار کر لی تھی۔ امل کے والد رمزی علم الدین نے امریکن یونیورسٹی آف بیروت سے ایم بی اے کیا، وہ کومیٹ ٹریول ایجنسی کے مالک تھے۔ انھوں نے ایک سُنّی مسلم گھر انے کی باریہ مکنس سے شادی کی، جو پین عرب اخبار الحیات کی فارن ایڈیٹر اور ایک پبلک ریلیشن کمپنی کی بانی تھیں۔ امل کو سیاسی سوجھ بوجھ اپنی ماں سے ملی جو سیاسی امور کی نامور صحافی تھیں۔

امل نے ابتدائی تعلیم بکنگھم شائر کے گرامر اسکول سے حاصل کی، 2000ء میں جیوریسپونڈنس (فقہ) میں بی اے کیا (جو آکسفورڈ کیLLBڈگری کے مساوی ہوتاہے ۔) اگلے برس امل نے نیویارک یونیورسٹی اسکول آف لاء میں ایل ایل ایم کرنے کیلئے داخلہ لیا اور وہاں انٹرٹینمنٹ لاء میں نمایاں کارکردگی پر ’جیک جے کیٹز میموریل‘ ایوارڈ حاصل کیا۔ 2004ء میں امل نے انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس سے جیوڈیشل کلرک شپ مکمل کی جبکہ 2010ء میں بیرسٹر بن کر پریکٹس کرتی رہیں ۔ 2013 ء میںامل کی اقوام متحدہ کمیشن کی بطور ممبر، کوفی عنان کی مشیر تعیناتی ہوگئی۔ اس کے بعد امل دنیا کے اہم ترین قانونی معلامات اور مقدمات کی پیروی کرتی رہیں۔

جوڑی کیسے بنی ؟

جارج اور امل کے مداحوں اور میڈیا کے لیے ہمیشہ یہ سوال باعث تجسس رہا کہ ان دونوںمیں محبت کیسے ہوئی اور دونوں نے مختلف پیشوں کے باوجود ایک ہونے کا فیصلہ کیسے کیا؟اگرچہ دونوں کی شادی کو4سال گزر چکے ہیں، تاہم اب بھی لوگ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ان کی شادی کیسے ہوئی، اور اس حوالے سے پہل کس نے کی؟

56 سالہ اداکار و ہدایت کار جارج کلونی نے پہلی بار انکشاف کیا کہ انہوں نے جب پہلی بار امل کو دیکھا تو وہ وہیں ٹھہر گئے، اور کئی گھنٹوں تک گھر سے باہر نہیں نکلے۔

اداکار نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ بھی عام دن تھا، مگر وہ جلد ہی خاص بن گیا، اس دن انہیں ایک دوست نے کہا کہ وہ ان کے گھر آرہے ہیں، کیا وہ اپنی ایک دوست کو ساتھ لے کر آ سکتے ہیں؟

جارج کلونی نے بتایا کہ انہوں نے دوست کو معمول کے مطابق جواب دیا کہ وہ اپنی دوست کو ساتھ لے کر آ سکتے ہیں۔

اداکار کے مطابق جیسے ہی ان کا دوست اور امل کلونی ان کے گھر آئے، ان کے ایجنٹ نے ان سےکہا کہ انہوں نے اس خاتون کو دیکھا ہواہے، جو ملنے آ رہی ہے۔

اداکار نے کہا کہ ان کے ایجنٹ نے اسی وقت ہی کہا تھاکہ آپ دونوں شادی کرلیںگے، اور انہیں یقین نہیں آتا کہ واقعی حالات بالکل ایسے ہی ہوگئے۔جارج کلونی نے امل سے پہلی اتفاقی ملاقات کے دن کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اس دن ان کے گھر ان کے والدین بھی آئے ہوئے تھے، اور یوں ان سب کے درمیان خوب باتیں ہوئیں۔جارج کلونی نے بتایا کہ بعد ازاں انہیں امل کا ای میل ایڈریس مل گیا، کیوں کہ انہوں نے اداکار کے پاس ان کے والدین کی تصاویر بھیجی تھیں۔اداکار کے مطابق امل کی ای میل ملنے کے بعد ان دونوں کے درمیان ابتداء میں تحریری مواد کے تبادلے کے ذریعے دوستی ہوئی، جو آہستہ آہستہ گہرائی میں تبدیل ہوگئی۔

جارج کلونی کے مطابق جب ان کے درمیان گہری دوستی ہوگئی تو امل نے ان سے لندن میں پہلی ملاقات کی، جو انتہائی خوشگوار ثابت ہوئی اور وہیں سے ان کی شادی کی راہ ہموار ہوئی۔

خبروں میں رہنا بھی ضروری

امل کلونی انسانی حقوق کےلیے خدمات انجام دینے کے ساتھ اپنے لباس کے حوالے سے بھی مداحوں کی توجہ کا مرکز بنی رہتی ہیں۔حال ہی میں انہوں نے نئے فیشن جریدےکی ایک تقریب میں شرکت کی۔ اس تقریب میں انہوں نے لال رنگ کی لیس کا سوٹ پہنا جوآج سے تیس سال قبل فرانسیسی ڈیزائنر ’Isabelle Allard‘ نے ڈٰیزائن کیا تھا جس پر اس کے اپنے دستخط بھی ثبت ہیں۔

کسی نئی تقریب میں پرانے دور کے ڈیزائن کا انتخاب امل کلونی کے مداحوں میں تنازع کا باعث بننا تھا، سو ایسا ہی ہوا۔ بعض نے اسے انسانی حقوق کی علمبر دار شخصیت کے لیے نا مناسب خیال کیا اور بعض مداحوں نے اسے بہت پسند بھی کیا۔

امل کی فیملی

جارج اور امل کلونی کے ہاں جون 2017 میں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی، ان کے ہاں ایک بیٹی اور ایک بیٹا پیدا ہوا تھا۔ ان دونوں نے اپنے بیٹے کا نام الیگزینڈر کلونی جبکہ بیٹی کا نام ایلا رکھا ہے ۔

اس مشہور جوڑی نے برطانیہ میں 10 ملین ڈالر کا ایک شاندار گھر خریدا ہے۔ چار ایکڑ پر مشتمل یہ جزیرہ نما گھر تھماس میں لندن سے 40 میل دورہے ۔جارج کی اس پراپرٹی میں ایک سنیما ، ایک نیا پول ہائوس اور ایک بہت وسیع ٹیرس ہے۔جارج نے 10.7ملین ڈالر مالیت کے مینشن کی حفاظت کیلئے اعلیٰ ترین حفاظتی اقدامات کئے ہیں اور سیکیورٹی آرگنائزرز کی جانب سے جوڑے کو باڈی گارڈ ز کے بغیر گھر سے نکلنے سے بھی روک دیا جاتا ہے۔جارج کلونی کا کہنا ہے کہ ان سے زیادہ سیکیورٹی کی ضرورت انکی اہلیہ کو ہے۔ 

تازہ ترین