• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ووٹ کی حرمت بحال نہ ہوئی توچھین کرلیں گے،مریم نواز

منڈی بہا ؤالدین (ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ اب فیصلے کی گھڑی آ گئی ہے،25جولائی کو ریفرنڈم ہے‘ووٹ کی حرمت بحال نہ ہوئی توچھین کر لیں گے۔منڈی بہاو الدین میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ جس نے ججوں کو گھر بھیجا ‘پاکستان کو دہشت گردی کا تحفہ دیا ، 12مئی کو کراچی میں قتل عام کیا اور قانون کو آنکھیں دکھاتا ہوا کمر درد کا بہانہ بنا کر ملک سے فرار ہو گیا ،اس کوعدالت نے کہا ہے کہ تم پاکستان میں آکر کاغذات نامزدگی جمع کرواو اور الیکشن میں حصہ لو ۔مریم نواز نے کہاکہ جب تک ملک میں مسلم لیگ ن کی حکومت تھی لوڈ شیڈنگ کنٹرول میں تھی،عوام کے ڈٹ جانے کی وجہ سے پانامہ کے ڈرامے کی وجہ سے نواز شریف کو کوئی فرق نہیں پڑا ‘کوئی نااہلی نواز شریف کا نام نہیں مٹا سکتی کیونکہ نواز شریف کا نام پاکستان کے ہر شہرمیں ترقیاتی منصوبوں پر آب و تاب سے چمک رہا ہے ،عوام 25جولائی کو فیصلہ کریں آئین توڑنے والا چاہئے یا ووٹ کی حرمت کے لئے کھڑا ہونے والا چاہئے؟ کیونکہ 25جولائی کو ریفرنڈم ہے ،آئین کی رکھوالی کرنے والا وزیر اعظم چاہئے یا آئین توڑنے والا چاہئے ؟ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی والدہ کی عیادت کیلئے عدالت میں تین دن کی چھٹی کی درخواست دی تھی لیکن چھٹی اس لئے نہیں دی گئی کہ یہ ملک سے فرار ہو جائیں گے، یہ کہا گیا کہ کلثوم نواز کی زندگی کو خطرہ لاحق نہیں، اس لئے ان کو جانے کی اجازت نہ دی جائے حالانکہ وہ کینسر سے مر رہی ہیں۔مریم نواز نے کہاکہ عوام اس شخص کو ووٹ دیں جومشکل وقت میں نواز شریف کو چھوڑ کر نہیں گیا،اس کو ووٹ نہ دیں جو لوٹا ہے ۔عوام ووٹ ڈال کر گھر اس وقت تک نہیں آئیں جب تک ملک پر عوام کے حق حکمرانی کا فیصلہ نہ ہوجائے ۔انہوں نے کہا کہ جتنی سازشیں نواز شریف کے خلاف ہوئی ہیں کسی اور کے خلاف ہوتیں تو ملک چھوڑ کر بھاگ جاتا ۔
تازہ ترین