• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غلطی سے کہا باہر بھجوانے میں راحیل شریف کا کردار ہے ، اقدام وزیر داخلہ اور وزیراعظم کا تھا، پرویز مشرف

کراچی(ٹی وی رپورٹ)سابق صدر پرویز مشرف نے ایک انٹر ویو میں کہا ہے کہ تین نومبر کے اقدام کا مقصد صرف ایک آدمی (افتخار چوہدری) کو نکالنا تھا،میں نے ایک بار غلطی سے کہا کہ مجھے باہر بھجوانے میں راحیل شریف نے کردار ادا کیا۔ باہر بھجوانے کا اقدام وزیر داخلہ ، وزیر اعظم اور ن لیگی رہنماؤں کا تھا، کاغذات نامزدگی میں تبدیلیوں کے حوالے سےانہوں نےکہا کہ زیادہ تر لوگ اپنا فائدہ دیکھتے ہیں۔ یہاں ضرور کوئی ملی بھگت ہوگی کیوں کہ تمام ایم این ایز ، ایم پی ایز چاہتے ہیں کہ ان سے کچھ نہ پوچھا جائے۔پری پول دھاندلی کے میاں نواز شریف کے الزامات پر ان کا کہنا تھا نواز شریف جو بول رہے ہوتے ہیں ان کا سر اور پیر نہیں ہوتا۔پاناما آیا، ان پر اتنے کرپشن کیسز ہیں انھیں اس کا جواب دینا چاہیے ان کے خلاف کوئی سازش نہیں کررہا یہ خود سازش کرتے اور دھاندلی کرتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں مشرف کا کہنا تھا مجھے افسوس ہوتا ہے کہ مریم اور نواز شریف اپنے آپ کو مجھ سے موازنہ کرتے ہیں۔نواز شریف پرچوری کے کیسز ہیں مجھ سے موازنہ کرتے ہیں مجھ پر جھوٹے کیس بنائے گئے ہیں۔ بے نظیر کے کیس میں مجھ پر نئی جے آئی ٹی بنائی اور میرا نام ڈلوایا گیا۔ مجھ پر لال مسجد کا کیس ہے میری حکومت میں لال مسجدآپریشن کا فیصلہ ہوا۔ بالکل صحیح فیصلہ تھا۔ انھوں نے کہا تین نومبر کی ایمرجنسی آئین شکنی نہیں تھی میں نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر، فوجی و سویلین سے مشاورت کے بعدایکشن لیا۔ افتخار چوہدری جو پاکستان کو تباہی کیطرف لے جارہا تھااس کے خلاف ایکشن ضروری تھا۔ ان کے خلاف کئی لوگوں کو شکایات تھیں۔
تازہ ترین