• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانیوں کی خدمات قابلِ تعریف ہیں، میئر ہیوسٹن سیلو یسٹر ٹرنر

پاکستانیوں کی خدمات قابلِ تعریف ہیں، میئر ہیوسٹن سیلو یسٹر ٹرنر
مسلم ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کی تنظیموں کی جانب سے مئیر ہیوسٹن کے ہمراہ سالانہ روایتی افطار ڈنر کاایک منظر

امریکی ریاست ٹیکساس میں مسلمانوں کی سب سے زیادہ تعداد آباد ہے۔ ہیوسٹن امریکا کا چوتھا بڑا شہر ہے ،جسے پاکستانی ’منی پاکستان‘کہتے ہیں ۔سالہاسال کی طرح اس مرتبہ بھی مسلم ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کی تنظیموں کی جانب سے مئیر ہیوسٹن کے ہمراہ سالانہ روایتی افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا،جس میں مقامی سماجی اور فلاحی تنظیموں سے بھی اشتراک کیا گیا تھا ،تاہم ہر سال اس ایونٹ کے تمام اخراجات معروف پاکستانی امریکی تاجر اور آئل بزنس ٹائیکون سید جاوید انور اٹھاتے ہیں۔ افطار میں تقریباًڈھائی ہزار سے زائد مرد و خواتین شریک ہوئے ،جنہوں نے ایک چھت تلے روزہ افطار اور ڈنر کیا ۔ تقریب میں امریکی کانگریس میں پاکستانی’ کاکس‘ کی چیئر پرسن شیلا جیکسن لی ،کا نگریس مین الگرین سمیت ہیوسٹن کے منتخب نمائندوں اور اور مختلف تنظیموں کے عہدیدران کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔تلاوت کلام پاک کے بعد آئل بزنس ٹائیکون سید جاوید انور نے ہیوسٹن کے میئر سیلویسٹر ٹرنر کا تعار ف کرایا ،جس کے بعد میئر سیلویسٹر ٹرنر نے اپنے خطاب میں تمام مسلمانوں کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کسی بھی ملک یا شہر سے آئے ہوں، لیکن ہم میں ایک بات مشترک ہے وہ یہ کہ ہم سب ہیوسٹن کے شہری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں دیگر اداروں میں مسلمان اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں جوکہ قابل تعریف ہے،انہوں نے افطار ڈنر کے انتظامات مکمل کرانے پر ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر اور افطار ڈنر کے کوآرڈینٹر سعید شیخ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ،میئر نے کہا کہ ہمیں اسکولوں میں اپنے بچوں کے تحفظ کے لیے کام کرنا ہوگا اور اگر ہم ایسا نہ کر سکے تو آنے والی نسلوں کے لیے ہم کیسا امریکا چھوڑ کر جائیں گے، آپ اندازہ لگا سکتے ہیں۔ 

پاکستانیوں کی خدمات قابلِ تعریف ہیں، میئر ہیوسٹن سیلو یسٹر ٹرنر
مقررین خطاب کررہے ہیں

بندوق سے نکلنے والی گولی یہ نہیں دیکھتی کہ کون مسلمان ہے یا کون عیسائی، جو سامنے آتا ہے وہ شکار کر لیتی ہے ۔اس موقعے پر ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ اباٹ کا وڈیو پیغام بھی سنایا گیا ،جس میں اُنہوں نے اپنے پیغام کے ذریعے مسلمانوں کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 18سالوں سے یہ افطار ہر سال کی جاتی ہے اور کئی سالوں سے اس کا اہتمام میرے دوست سید جاوید انور کررہےہیں جو کہ یقیناً مبارک باد کے مستحق ہیں۔تقریب سے امریکی کانگریس میں پاکستانی کاکس کی چیئرپرسن کانگریس وومن شیلا جیکسن لی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ امریکا کے پڑوسی ملک اور اتحادی ممالک سے تعلقات بہتر رہیں اس کے لئے گانگریس میں پاکستان کے لیے جو کاوشیں کی گئیں ان کے تعاون پر کانگریس مین الگرین اور ونزسکی کی شکر گذار ہیں انہوں نے کہا کہ مسلم کمیونٹی نے طوفان ہاروی اور ریڈا کے موقعے پر خدمت خلق کے تحت جو فلاحی کام کیےوہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گئے۔ پچھلے دنوں شوگر لینڈ کے اسکول میں نا خوش گوارواقعہ پیش آیا، جس میں مقامی بچوں کے ہمراہ پاکستانی مسلمان طالبہ سبیکہ شیخ بھی جان بحق ہوئی میں ،اس کے لیےانصاف مانگوں گا۔ اس موقعے پر افطار ڈنر کے کوآڈینٹر سعید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے تمام مہمانوں افطار کے اسپانسر سید جاوید انور کا اظہار تشکر کیا۔ تقریب سے اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا کے صدر جاوید صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام معلومات کی فراہمی اور آگاہی کا ذریعہ ہیں۔ اس طرح کے مشترکہ ایونٹ مسلمان اور غیر مسلم دیگر مذاہب کے ماننے والوں کو ایک پلیٹ فارم پر لے کر آتے ہیں ۔ بعد ازاں کانگریس کے ارکین کی جانب سے سعید شیخ اور ان کی ٹیم کو سرٹیفکیٹ پیش کئے گئے۔ جنگ سےگفتگو کرتے ہوئے آئل بزنس ٹائیکون اور معروف ریپلکن رہنما سید جاوید انور نے کہا کہ وہ جب 1976میں ہیوسٹن آئے تھے ،اس و قت ان کے وہم وگمان میں بھی یہ نہیں تھا کہ ایسا وقت آئے گا کہ ہیوسٹن میں افطاری کے دوران اتنے سارے لوگ بھی جمع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گذشتہ 7سالوں سے اس افطار کو اس لیے اسپانسر کررہے ہیں کہ اس کے ذریعے ایک اچھا پیغام دوسری کمیونٹی کو جا رہا ہے، اس موقعے پر کو آرڈینٹر سعید شیخ نے کہا کہ ہماری کمیٹی ہر سال یہ پروگرام بخیروخوبی سرانجام دیتی ہے، ڈھائی تین ہزار افراد کی افطار اور کھانا ہمیشہ منظم انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔

تازہ ترین