• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیفا ورلڈکپ میں سیالکوٹ کے تیار کردہ فٹبال استعمال ہوں گے

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) دو دن بعد فٹبال کا عالمی میلہ روس کے شہر ماسکو میں شروع ہوگا۔ شائقین فٹبال کا جوش و ولولہ اپنے عروج پر ہے۔ فٹبال ورلڈ کپ کے میگا ایونٹ میں دُنیا بھر سے کل32ٹیمیں حصہ لیں گی۔ 25دن جاری رہنے والے کھیل میں کل64میچز کھیلے جائیں گے۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستان کے شہر سیالکوٹ کی فیکٹری ’’فارورڈ سپورٹس پرائیویٹ لمیٹڈ‘‘ کے تیارہ کردہ فٹبال استعمال کیے جائیں گے۔ اس وقت پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں جشن کا سماں ہے فیفا کی عالمی درجہ بندی میں گوکہ پاکستان 164ویں نمبر پر آتا ہے۔ لیکن ہاتھ سے بنے فٹبال کی پیداوار میں پہلے نمبر پر ہے۔ 14جون کو روس کے شہر ماسکو میں شروع ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں تین ہزار فٹبال استعمال ہوں گے۔ چند روز قبل ایوان و تجارت کی دعوت پر پاکستان میں برازیل کے سفیر سیالکوٹ پہنچے تھے۔ جہاں انہیں فٹبال ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والا فٹبال پیش کیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر مڈلینڈ کے صدر راجہ امجد خان نے کہا کہ دُنیا کے مقبول ترین کھیل میں پاکستان کے تیار کردہ فٹبال کے استعمال سے پاکستان کا مثبت امیج بلند ہوگا۔ معروف بزنس مین اور پاکستان ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان افضل بٹ نے کہا کہ ورلڈکپ میں استعمال ہونے والا فٹبال پاکستان کا تیار کردہ ہے یہ بات انتہائی خوش آئند ہے اس آرڈر سے سیالکوٹ کی چھوٹی چھوٹی دیگر فیکٹریوں میں بھی کاروبار کو فروغ ملے گا۔ برمنگھم کرکٹ ٹیم کے کپتان راجہ افضال کیانی نے کہا کہ میگا ایونٹ میں پاکستان کا نام روشن ہوگا۔ جس پر نہ صرف سیالکوٹ کو بلکہ پوری پاکستانی قوم کو فخر ہے۔ تنظیم مُغلیہ برطانیہ کے صدر محفوظ مُغل نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان کے اس ٹیلنٹ سے مستفید ہوگی۔ مستقبل میں تجارتی سرگرمیاں مزید بڑھانا ہوں گی۔ تاکہ ملک معاشی طور پر مضبوط ہو۔ معیشت مضبوط ہوگی تو پاکستان دُنیا کے بڑے ممالک کی صف میں کھڑا ہوگا۔
تازہ ترین