کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہمارے علاوہ آپ کے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں کیونکہ اس شہر کی ترقی آخری بار ہمارے ہاتھوں ہوئی اور آئندہ بھی ہمارے ہاتھوں کی ہوگی کیونکہ میں نے اپنے دور نظامت میں اربوں روپے اس شہر کی ترقی پر خرچ کئے اور ایک پیسے کی کرپشن نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کا پی ایس پی پلیٹ فارم سے انتخابات میں مقابلہ کرینگے، کامیابی کے بعد اتحادیوں کی مدد سے سندھ میں حکومت بنائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روٹری کلب پلاٹینیم ممبران کی دعوت پرانٹرایکٹیو سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ45 دن بعد الیکشن ہیں تو اب تک جو لوگ چنددن پہلے تک حکمران بنے ہوئے تھے وہ کس منہ سے ووٹ مانگنے جائیں گے جس گھر جائینگے، گھر کے باہر گٹر کا پانی کھڑا ہوگا، گھروں میں پینے کو گندا زہر ملا پانی ہوگا تو جب یہ لوگ ووٹ مانگے تو لوگ کہہ گے کہ ووٹ تو ہم نے آپ کو دیے تھے لیکن آپ نے کیا کام کرکے دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے ہمیں موقع دیا تو ہم کراچی کو پہلے سے بھی اچھا بنائینگے جیسا ہم نے کراچی کو 2005 سے 2010 تک بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ہم اپنے موجودہ وسائل کو استعمال کرتے ہوئے پورے سندھ سے انتخابات میں حصہ لینگے اور کامیابی کے بعد سندھ میں اتحادیوں سے مل کر حکومت بنائینگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف میرے لئے قابل احترام ہیں میں نے ان کے ساتھ 2005 سے 2008 تک کام کیا لیکن اگر وہ الیکشن میں اپنی جماعت سے ہمارے مد مقابل حصہ لینگے تو ہم بھی پی ایس پی کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں مقابلہ کرینگے۔