راولپنڈی(نمائندہ جنگ، اپنے رپورٹر سے)ضلع راولپنڈی کی سات قومی اور 15صوبائی سیٹوں پر انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ۔کل بدھ سے ان کاغذات کی سکروٹنی شروع ہوگی ضلع کی ان نشستوں پر مجموعی طور پر 284 امیدواروں نے کاغذات جمع کروائے۔گزشتہ روز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59سے غلام سرور خان، این ے61 سے عامر کیانی، سمیرا گل این اے62، تحریک انصاف کے چوہدری عدنان پی پی11، واثق قیوم پی پی12 اور13، مقبول احمد خان پی پی16، حاجی امجد پی پی13، ملک خالد نواز بوبی پی پی16، بابر سلطان جدون نے پی پی18 سے کاغذات جمع کرائے، اس حوالے دن بھر ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں گہما گہمی رہی اور امیدوار اپنے حمایتیوں کے ہمراہ بڑے جلوسوں میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لئے آئے ۔ جوڈیشل کمپلیکس میں سیکورٹی کے سخت انتظامات تھے۔دریں اثناء چیئرمین پاکستان ویلفیئر پارٹی محمد فاروق سلہریا ایڈووکیٹ نے این اے 62کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے ۔ترجمان پارٹی حماد قریشی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےکہاکہ پاکستان ویلفیئر پارٹی عام آدمی کی آواز اسمبلی میں اٹھائے گی۔ملی مسلم لیگ نے بھی الیکشن کے لیے امیدوار میدان میں اتار دیئے ہیں۔ترجمان ملی مسلم لیگ کے مطابق قومی اسمبلی کی نشست این اے 61 سے فہیم رضا بٹ نے کاعذات نامزدگی جمع کروادیئے ۔صوبائی اسمبلی کی نشتوں پر ملی مسلم لیگ کے 6 امیدوار انتخابات لڑیں گے پی پی 14 سے رانا عبدالرحمن، پی پی 15 سے ملک شہزاد یاسین،پی پی 16 سے افتخار شاہ، پی پی 18 سے زاہدخان پی پی 19 سے چوہدری عبدالقدوس نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ۔