• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی باشندے کا قتل،پولیس نے کالعدم تنظیم کے 3 ؍ملزمان کوبے قصور قراردیدیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں چینی باشندہ کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم کے تین ملزمان پولیس نے بے قصور قرار دیدیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت کے روبرو چینی باشندہ کے قتل میں سی ٹی ڈی پولیس نے کالعدم تنظیم کے 3 ملزمان ثاقب احمد ،ریحان ہاشم اورمحمد عامر خان سے کے خلاف چالان پیش کرنے کے بجائے ان کے حق میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے انہیں بے قصور قراردیدیا۔ پولیس نے منتظم جج کو آگاہ کیاکہ تینوں ملزمان کے خلاف جے آئی ٹی نے تفتیش مکمل کی جسکے بعد اس نتیجے میں پہنچے ہیں کہ ملزمان بے قصور ہیں اور ان کیخلاف کوئی ثبوت بھی نہیں مل سکے لہٰذا ضابطہ فوجداری کی دفعہ 512 کے تحت چالان نہیں کیا جاسکتا۔البتہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 497 کے تحت انہیں رہاکیا جاسکتاہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ رپورٹ منظور کی جائے ۔فاضل عدالت نے رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر9 میں منتقل کردیا اور متعلقہ عدالت کو حکم دیاہےکہ رپورٹ پر قانون کے مطابق حکم جاری کرے۔واضح رہےکہ اس سے قبل فاضل عدالت کو ہی تفتیشی افسرنے بتایاتھاکہ ملزمان کو حیدرآباد سے گرفتار کیا گیا۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان نے 5 فروری 2018 کو کلفٹن کے علاقے میں چینی باشندہ کو قتل کیا اورملزمان نے دوران تفتیش اس بات کا اعتراف کیا۔ چینی باشندہ چن زو ایک شپنگ کمپنی کا افسر تھا۔ مقتول عرصہ دراز سے پاکستان میں مقیم تھا۔ ملزمان نے سی پیک منصوبہ کو سبوتاژکرنے کےلئے چن زو کا قتل کیا۔
تازہ ترین