• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
دوسرا ٹی 20: پاکستان نے 167 رنز کا ہدف دیدیا

پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میچ میں اسکاٹ لینڈ کو جیت کےلئے 167 رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔

ایڈنبرگ میں ہونے والے میچ میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں5 وکٹ پر166 رنز بنائے۔

سرفراز الیون کی طرف سے احمد شہزاد اور فخر زمان نے 60 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا،پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی احمد شہزاد تھے، انہوں نے 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 24 رنز بنائے، ان کی وکٹ میچل لیکس کے حصے میں آئی۔

مجموعی اسکور میں صرف 2رنز کے اضافے کے بعد 6 چوکوں کی مدد سے 33 بنانے والے دوسرے اوپنر فخرزمان کو مارک واٹ نے پویلین کی راہ دکھائی۔

پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلے والے کپتان سرفراز احمد آئوٹ ہونے والے تیسرے بیٹسمین تھے، وہ 14رنز بناکر کرس سول کا شکار بن گئے۔

98 کے اسکور پر حسین طلعت 17 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،وہ میچل لیکس کا دوسرا شکار بنے،نئے آنے والے بیٹسمین آصف علی کو میچل لیکس نے اسی اوور میں میدان بدر کردیا ۔

پاکستان کی اننگز کی خاص بات گزشتہ میچ کے نصف سنچری میکر شعیب ملک کی بیٹنگ رہی،انہوں نے 22 گیندوں پر 5 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 49 رنز بنائے ۔

اسکاٹ لینڈ کی بولنگ لائن نے گزشتہ میچ کے مقابلے میں شاندار گیند بازی کی، میچل لیکس نے 3،کرس سول نے 2 اور مارک واٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

گرین شرٹس نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں 205 رنز کا ہدف دیا تھا اور حریف ٹیم کو 48 رنز سے شکست دی تھی۔

تازہ ترین