• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں کے قتل اور خودکشی کی کوشش میں سزا پانیوالی خاتون کا دماغی معائنہ کروانے کا حکم

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

اسلام آباد ہائی کورٹ نے دو بیٹیوں اور ایک بیٹے کو قتل کر کے خودکشی کی کوشش پر سزا پانے والی خاتون کا دماغی معائنہ کروا کر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں دو بیٹیوں اور ایک بیٹے کو قتل کر کے خودکشی کی کوشش پر سزا پانے والی خاتون کی اپیل پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت کی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے فیصلے کی کاپی چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور ای ڈی پمز کو بھجوانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ خاتون پر 2 بیٹیوں اور ایک بیٹے کو قتل کر کے خود کشی کی کوشش کے جرم میں فرد جرم عائد کی گئی، چارج شیٹ میں واضح طور پر لکھا ہے کہ خاتون ذہنی طور پر ٹھیک نہیں، ٹرائل کورٹ نے انکوائری کیے بغیر ہی خاتون کو 3 بار عمر قید کی سزا سنادی، ٹرائل کورٹ نے خاتون کو 14 سال قید کی سزا بھی سنائی۔

عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ چیف کمشنر اسلام آباد سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق خاتون کا دماغی معائنہ کروائیں، میڈیکل بورڈ سے معائنہ کرا کر رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے، یہ دیکھنا ہے کہ ملزمہ ٹرائل کورٹ کے سامنے اپنا دفاع پیش کرنے کے قابل تھی یا نہیں، بورڈ نہ بنا تو چیف کمشنر اسلام آباد وضاحت دیں گے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری حکم نامے میں مزید کہا ہے کہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ آئندہ سماعت پر عدالت میں جمع کرائی جائے، آئی جی اسلام آباد اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل میڈیکل بورڈ کے معاملے پر معاونت کے پابند ہوں گے، ملزمہ کے میڈیکل بورڈ سے معائنے کی ذمہ داری چیف کمشنراسلام آباد کی ہوگی۔

قومی خبریں سے مزید