لاہور(این این آئی،صباح نیوز)صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی قیادت کیخلاف مشرف دور میں بننے والے ریفرنسز بے بنیاد ہیں اور پورا زور لگانے کے باوجودان میں سے کچھ نہیں نکل سکا،اگر وزیراعظم اداروں کوکارکردگی بہتربنانے کانہیں کہیں گے تو کون کہے گا۔ انہوں نے جو کچھ کہا ہے اسے مثبت اندازمیں دیکھنا چاہیے،نیب پنجاب میں جس پراجیکٹ کی چاہے چھان بین کرلے اسے خوش آمد کہیں گے،کسی دوسروں کو خوش کرنے کیلئے نیب کو کارروائی کی اجازت نہیں دیں گے، نیب ابھی تشکیل کے مراحل میں ہے اس لئے اسے احتیاط سے کارروائیاں کرنی چاہئیں، پنجاب کے کسی شہر میں کراچی جیسے حالات نہیں، ضرورت پڑی تو رینجرز اور فوج کو بھی بلایاجا سکتاہے ، صرف چند لوگ شام گئے ، داعش کا کوئی منظم نیٹ ورک نہیں ہے۔ پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ وزیراعظم ایگزیکٹوہیں اور وہ نیب کوہدایت دے سکتے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کسی بھی ادارے کیخلاف انتقامی کارروائی کے سخت خلاف ہیں، نیب پر ان کی تنقید کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اس ادارے کے خلاف ہیں۔ اگر ملکی اداروں میں کوئی کمی ہے تو وزیراعظم اس کے ذمہ دار نہیں۔ انہوں نے نیب کے حوالے سے جو بیان دیا ہے وہ اس کی بہتری کیلئے کہا ہے۔ پنجاب میں ایک پیسے کی بھی کرپشن نہیں، منصوبے شفاف نہ ہوں توہم جوابدہ ہیں۔ اگر نیب اس لئے اپنی توانائیاں خرچ کرے کہ کسی دوسرے صوبے میں ہونے والی کارروائیوں کو یہاں پر کارروائیاں کرکے برابر یا ’’ نگ ‘‘پورا کیا جائے تو ایسا ہرگز نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے قوانین میں تبدیلی لانے کی ضرورت نہیں بلکہ اسکے طریق کار میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ۔