پرانے ویڈیو گیم کی حیران کن قیمت لگ گئی، سپر ماریو برادرز کا نایاب ایڈیشن کروڑوں روپے میں فروخت ہوگیا۔
معروف نیلام گھر ہیریٹیج آکشنز کے تحت 20 اور 21 نومبر کو منعقد ہونے والی ’ویڈیو گیمز سگنیچر آکشن‘ میں 1985ء کے مشہور نینٹینڈو انٹرٹینمنٹ سسٹم (NES) گیم ’سپر ماریو برادرز‘ کی ایک نایاب کاپی ریکارڈ توڑ 96 ہزار 875 ڈالر (تقریباً پونے تین کروڑ پاکستانی روپے) میں فروخت ہوئی ہے۔
نیلام ہونے والی یہ کاپی پی ایس اے (PSA) سے 9.0 ریٹنگ یافتہ پہلے پروڈکشن بیچ کا میٹ اسٹیکر ویرینٹ تھی۔ اس فروخت نے سپر ماریو برادرز کی پہلی پروڈکشن کاپی اور کسی بھی ’کمپلیٹ ان باکس‘ ویڈیو گیم کے لیے اب تک کی سب سے زیادہ قیمت کا ریکارڈ قائم کردیا۔
نیلام گھر کے مطابق ’کمپلیٹ ان باکس‘ کی اصطلاح کا مطلب یہ ہے کہ گیم کا ڈبہ کھولا جا چکا تھا اور اندر موجود گیم استعمال بھی ہوئی تھی، تاہم پیکج میں اصل کارٹریج، ہدایت نامہ اور وہ تمام اشیاء اب بھی مکمل محفوظ ہیں جو ریٹیل فروخت کے وقت اس کے ساتھ آتی تھیں۔
اسی نیلامی میں سپر ماریو برادرز کے دوسرے پروڈکشن بیچ کی ایک غیر کھلی اور پی ایس اے 8.5 ریٹنگ یافتہ گلاس اسٹیکر کاپی بھی پیش کی گئی، جس کی سب سے بڑی بولی ایک لاکھ 31 ہزار 250 ڈالر (3 کروڑ 62 لاکھ پاکستانی روپے) لگی۔
ہیریٹیج آکشنز کے ویڈیو گیمز ڈائریکٹر ایون میسنگل نے کہا کہ ابتدائی دور کے نایاب این ای ایس گیمز کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، کیونکہ ہوم کنسول گیمنگ کی تاریخ میں ’سپر ماریو برادرز‘ کی اہمیت مسلّم ہے اور شائقین اس کی تاریخی قدر کو بخوبی پہچانتے ہیں۔