• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فٹ بال ورلڈ کپ، رقص و رنگ ہم آہنگ، روس نے میدان مارلیا، فاتحانہ آغاز

فٹ بال ورلڈ کپ، رقص و رنگ ہم آہنگ، روس نے میدان مارلیا، فاتحانہ آغاز

ماسکو ( جنگ نیوز) فیفا ورلڈکپ 2018کا رنگا رنگ میلا سج گیا۔ افتتاحی تقریب میں رقص ورنگ ہم آہنگ ہوگئے، یادگار افتتاحی تقریب کے بعد ہوم ٹیم نے شاندار کارکردگی پیش کرکے میدان مار لیا۔ ورلڈکپ میں کم ترین رینک عالمی نمبر 70 ٹیم نے سعودی عرب کو پانچ صفر سے ہرا کر میگا ایونٹ کا آغاز کیا۔ افتتاحی تقریب کے بعد ہوم ٹیم کی کارکردگی اور فتح نے اسٹیڈیم میں موجود 80 ہزار سے زائد تماشائیوں کی خوشیاں دوبالا کردیں۔ تفصیلات کے مطابق ماسکو میں منعقدہ عالمی فٹ بال گالا شروع ہوگیا۔ ماہر پرفارمرز نے اپنی پرفارمنس سے حاضرین کو داد دینے پر مجبور کر دیا ۔ میسی ، رونالڈو ، نیماراور صلاح کے فینز اپنے فیورٹ پلیئرز کی ٹی شرٹس خریدتے دکھائی دیئے اور چہروں پر پینٹ کروایا ۔ ورلڈ کپ کے حوالے سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔ 30ہزار سے زائد اہلکار تعینات رہے اس کے ساتھ مسلسل وینیو کی فضائی نگرانی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔2010 میں اسپین کو ورلڈ کپ جتوانے والے کاسیاس اور روس کی سپر ماڈل نتالیہ ووڈیو نووا میدان میں ورلڈ کپ کی ٹرافی لے کر آئے جس کے بعد افتتاحی تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا ۔ سابق عظیم برازیلین فٹبالر رونالڈو عالمی کپ کے میسکوٹ زابی واکا کے ہمراہ جلوہ افروز ہوئے۔ افتتاحی تقریب میں روبی ولیمز نے اپنی شاندار پرفارمنس سے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کے دل جیت لیے ۔ ان کے ساتھ ڈانسرز نے اسٹیج پر سماں باندھ دیا۔ روسی صدر پیوٹن نےاپنے خطاب میں ٹورنامنٹ کے آغاز کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی نظر آئے۔ پاکستان کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے نوجوان فٹبالر سارنگ بلوچ نے سبز ہلالی پرچم تھامے پاکستان کی نمائندگی کی۔ بعدازاں افتتاحی میچ میں میزبان روس اور سعودی عرب کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں جس میں میزبان نے 0-5 سے کامیابی حاصل کی۔روس نے شروع ہی سے سعودی عرب کو دباؤ میں رکھا اور 12 ویں منٹ میں روس کے کھلاڑی غازینسکی نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلائی۔ دوسرا گول 43 ویں منٹ میں چیری شیف نے کیا۔ دوسرے ہاف میں بھی روس کے کھلاڑی حاوی رہے۔ 71 ویں منٹ میں زیوبا نے گول کرکے برتری 0-3 کردی۔ چوتھا گول چیری شیف نے ایکسٹرا ٹائم کے پہلے منٹ (1+90) میں کیا۔پانچواں گول کھیل کے (4+90) منٹ میں گولوون نے کیا اور اپنی ٹیم کو 0-5 سے برتری دلادی۔ورلڈکپ میں جمعہ کو تین میچ کھیلے جائینگے۔ گروپ اے میں مصر اور یورو گوئے کی ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق پانچ بجے ، گروپ بی میں مراکش اور ایران رات آٹھ بجے جبکہ گروپ بی میں پرتگال اور اسپین گیارہ بجے مدمقابل ہونگی۔

تازہ ترین