ہڈرز فیلڈ(زاہد مرزا) برطانیہ کے شہر ہڈررز فیلڈ سے عید منانے کے لیے پاکستان جانے والی فیملی کو پاکستان کے شہر اوکاڑہ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ، جس کے نتیجے میں دو بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ تفصیلات کے مطابق ہڈرز فیلڈ کے رہائشی ماہرقانون و سیاسی، سماجی شخصیت مخدوم طارق محمود الحسن اِن دنوں عید منانے کے لیے اپنی فیملی کے ہمراہ پاکستان میں تھے کہ ان کو اوکاڑہ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ان کے دو بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جبکہ تیسرا بچہ اور کار ڈرائیور شدید زخمی ہوگئے جو مقامی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ مخدوم طارق محمود الحسن اور ان کی اہلیہ دوسری گاڑی میں ہونے کی وجہ سے محفوظ رہے۔ سیاسی، سماجی اور عوامی شخصیات نے اس دردناک واقعہ پر گہرا دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مخدوم طارق محمودالحسن اور فیملی سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔