• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناصرالملک کی اہلیہ کے نام سنگاپور اور لندن میں جائیدادیں، نگران وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے اثاثوں کی تفصیلات جاری

ناصرالملک کی اہلیہ کے نام سنگاپور اور لندن میں جائیدادیں، نگران وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے اثاثوں کی تفصیلات جاری

اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں۔ حاصل دستاویزات کے مطابق نگران وزیراعظم ناصرالملک کے نام پر پاکستان میں 14 جائیدایں ہیں، انکی سوات میں 8 مختلف اراضی گفٹ ظاہر کی گئیں جبکہ پشاور میں اراضی بھی والد کی طرف سے گفٹ ظاہر کی گئی ہے۔اسلام آباد ڈی 12اور جی 14 میں ایک ایک کنال کا گھر ٗ ڈپلومیٹک انکلیو اور کنسٹی ٹیوشن اپارٹمنٹ میں ایک ایک اپارٹمنٹ بھی نگراں وزیراعظم کی ملکیت ہیں۔نگران وزیراعظم کی اہلیہ کے نام سنگاپور اور لندن میں جائیدادیں ہیں، انکی اہلیہ کی لندن میں جائیداد کی مالیت 272،850 پاؤنڈ ہے، ناصرالملک کے اثاثوں میں 31 لاکھ روپے کے زیورات اور 65 لاکھ روپے مالیت کا فرنیچر بھی شامل ہے۔دستاویزات میں بتایا گیا کہ نگران وزیراعظم کی 4 مختلف بینکوں میں 10 کروڑ25 لاکھ سے زائد کی رقم موجود ہے، جسٹس (ر) ناصر الملک کی پراپرٹی پر 380،363 ڈالر کا مورگیج موجود ہے، ان کی ہونڈا سوک 2012 ماڈل کی کارکی مالیت 10 لاکھ روپے ہے جبکہ ٹویوٹا 2012 ماڈل کی مالیت 48 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے اثاثوں میں 70 لاکھ مالیت کا گھر شامل ہے، اسکے علاوہ حسن عسکری کے پاس 9 لاکھ 30 ہزار روپے کیش اور پرائز بانڈز ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق حسن عسکری کے پاس ایک کروڑ روپے کا بینک بیلنس ہے اور وہ 2 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق نگران حکومت کے دیگر وزرائے اعلیٰ اور وزرا نے الیکشن کمیشن کے احکامات پر عمل نہیں کیا، ناصرالملک، شمشاداختر، اعظم خان، دوست محمد اور حسن عسکری کے علاوہ کسی نے تفصیلات نہیں دیں۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے نگران وزرائے اعلیٰ اور کابینہ کو یاد دہانی کا خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور خط میں فوری طور پر اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کا کہا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق حلف اٹھانے کے 3 روز کے اندر اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانا لازمی ہوتا ہے۔

تازہ ترین