• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشید کے خلاف ن لیگ کے ناراض دھڑوں میں صلح ہو گئی

راولپنڈی (نمائندہ جنگ،صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف مسلم لیگ(ن)کے ناراض دو دھڑوں کے درمیان صلح ہوگئی اورچودھری تنویرگروپ اورحنیف عباسی گروپ مشترکہ طورپرانتخابی مہم چلانے پررضامندہوگئے۔چودھری تنویر اور حنیف عباسی نے تمام اختلافات ختم کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد اس عزم کا اعادہ کیا کہ نواز شریف کی قیادت میں بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے۔مسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف کی ہدایت پر سینیٹر چوہدری تنویر سے حنیف عباسی نے ملاقات کی جس میں شیخ رشید کے خلاف انتخاب لڑنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔راولپنڈی مسلم لیگ ن کے صدراورمئیرسردارنسیم خان اورچندمشترکہ دوستوں نے کلیدی کرداراداکیااورمنگل کوسابق ایم پی اے طاہرہ اورنگزیب کی رہائش گاہ پرحنیف عباسی ،چودھری تنویر،دانیال چودھری ،راحت قدوسی ،سردارنسیم اوردیگررہنماؤں کی موجودگی میں این اے 60اوراین اے 62میں گروپ بندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔چودھری تنویر کے بیٹے دانیال چودھری این اے 62 جبکہ حنیف عباسی این اے60 راولپنڈی سے ن لیگ کے امیدوار ہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 اور 62 سے کاغذات نامزدگی پہلے ہی منظور ہوچکے ہیں۔ذرائع کاکہناہے کہ سینیٹرچودھری تنویرخان پی پی 11سے امیدوار سجادخان کوساتھ چلنے پرآمادہ کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں تاہم پی پی 18 سے مسلم لیگ ن کی ٹکٹ کے لئے امیدوار عبداللہ بٹ اوران کے بھائی ناصربٹ جومسلم لیگ ن برطانیہ کے جنرل سیکرٹری بھی ہیں پارٹی ٹکٹ کے لئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
تازہ ترین