اسلام آباد (خبر نگار) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا حکم نامہ واضح نہیں تھا ، عدالت نے ہماری استدعا پر فیصلے کی وضاحت کی نہ ہمیں مہلت دی۔ ہم جنرل پرویز مشرف کے سپاہی پورے پاکستان میں مل کر مقابلہ کریں گے۔ آل پاکستان مسلم لیگ اس بار الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرے گی۔ پرویز مشرف 25 جولائی سے پہلے کسی بھی وقت پاکستان آ سکتے ہیں۔ منگل کو این اے 52 اور 53 سے کاغذات منظوری کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ این اے 52 اور 53میں ہمارے مقابلے میں بڑے بڑے جن آ رہے ہیں۔ پہلے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کو اس حلقے میں امیدوار نہیں مل رہے تھے۔ جب ہم نے اعلان کیا تو ان جماعتوں کے سربراہان آ گئے۔ ہم دونوں کا مقابلہ کریں گے، جب پرویز مشرف نہیں آتے تو باتیں کی جاتی ہیں اور جب آنا چاہتے ہیں تو رکاوٹیں کھڑی کر دی جاتی ہیں۔