لاہور (خبرنگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے قصور میں عدلیہ مخالف احتجاج اور ریلی نکالنے کیخلاف درخواست پر ملزمان سابق ایم این اے شیخ وسیم، احمد لطیف، ناصر خان اور جمیل خان کے بیان قلمبند کر لئے۔ عدالت نے ملزمان کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے 25 جون کو طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 3 رکنی فل بنچ نے توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ ملزمان ناصر خان اور جمیل خان نے اپنے بیان قلمبند کروائے۔ ملزمان سابق ایم این اے شیخ وسیم اور احمد لطیف نے صحت جرم سے انکار کیا۔ گزشتہ سماعت پر سابق رکن پنجاب اسمبلی نعیم صفدر سمیت 2 ملزموں نے بیانات ریکارڈ کرائے تھے۔ توہین عدالت کی درخواست قصور بار ایسوسی ایشن کے صدر نسیم مرزا نے دائر کر رکھی ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لیگی ایم این اے شیخ وسیم اور ایم پی اے نعیم صفدر انصاری کی قیادت میں قصور میں عدلیہ مخالف ریلی نکالی گئی، عدالت ریلی نکالنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم جاری کرے۔ عدالت نے سماعت 25 جون تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔