میہڑ (نامہ نگار )ضلع دادو کی چاروں تحصیلوں دادو ،جوہی ،میہڑ اور خیرپور ناتھن شاہ میں لاکھوں لوگوں کیلئے پینے کے صاف پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے کیونکہ ضلعی انتظامیہ اور میونسپلز کمیٹیاں چاروں تحصلیوں میں پینے کے پانی کی فراہمی میں ناکام ہو چکی ہیں جس کے باعث شہری پینے کا پانی خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں ،پینے کا پانی نہ ملنے کی وجہ سے لاکھوں شہری پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں اور میہڑ سمیت چاروں تحصیلوں میں شہری سراپا احتجاج ہیں۔ میہڑ میں شہریوں شاہزیب ،سرفرازسومرو ،حاجن بھنڈ اور دیگر نے احتجاجی جلوس نکال کر ایوان صحافت کے سامنے ٹاور چوک پر دھرنا دیا اور شہریوں نے پیدل مارچ بھی کیا۔انہوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ تعلقہ میونسپلز کمیٹیز کو ہر ماہ کروڑوں روپے فنڈز ملتے ہیں لیکن فنڈزکی رقم خورد برد کر لی جاتی ہے۔ واٹر سپلائی کی طرف سے پینے کے پانی کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں شہری پریشان ہیں۔ ہم روزانہ پیسوں پر پینے کا پانی خرید کر رہے ہیں۔ کئی ماہ سے واٹر سپلائی کی عدم فراہمی ہے۔ بار بار شکایات کرنے کے باوجود میونسپل کمیٹیاں توجہ نہیں دے رہیں جبکہ واٹر سپلائی کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے مساجد میں بھی پانی کی قلت کی وجہ سے نمازیوں کو وضو میں دشواری کا سامنا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع کی انتظامیہ اور چاروں تحصیلوں کی تعلقہ میونسپلز کمیٹیوں کی طرف سے واٹر سپلائی کی فراہمی درست دیکرپینے کا میٹھا اور صاف پانی فراہم کیا جائے ورنہ ضلعے بھر میں احتجاجی تحریک شروع کی جائیگی۔