ہائی ویکمب(انعام اللہ خان/ مسرت اقبال) موضع کلری ضلع بھمبر کی سیاسی وسماجی شخصیت راجہ امین خان نے چیف جسٹس ثاقب نثار اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی تعریف کرتے ہوئے ان کے پاکستان اور عوام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی بھرپور تائید کرتے ہوئے دونوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ راجہ امین خان نے کہا کہ پاکستان میں الیکشن کی گہما گمی اور تمام پارٹیوں کے الیکشن کمپین پر اعتماد کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ دونوں چیف نے خدشات کو رد کیا ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف نے اپنی انتھک محنت اور ملی جذبہ سے شمالی علاقوں سے جس دلیری اورلگن کے ساتھ دہشت گردوں کو صاف کیا ہے اس کی تعریفیں پوری دنیا کررہی ہے اور پاک آرمی کے جوانوں اور افسروں کی عظیم قربانیوں سے پورا پاکستان اب امن کا گہوارہ بن گیا ہے جس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ راجہ امین خان نے کہا کہ چیف جسٹس نے جس طرح کرپشن کے خلاف جہاد شروع کیا ہوا ہے اس کے دور رس اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور پاکستان کے عوام کو ریلیف ملنا شروع ہوگیا ہے۔ راجہ امین خان نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ تارکین وطن اور کشمیریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے خصوصی سیل قائم کریں تاکہ تارکین کے مسائل کا خاتمہ ہو۔