راولپنڈی ( وسیم اخترسٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم پر عمل درآمدکرتے ہوئے 31مئی کے بعد راولپنڈی پولیس ملازمین کے کئے گئے تمام تبادلے منسوخ کردئیے گئے۔انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب کی جانب سے کپیٹل سٹی پولیس آفیسرلاہور، تمام ریجنل پولیس افسروں ،سٹی پولیس افسروں اورڈسٹرکٹ پولیس افسروں کومراسلہ جاری کیاگیاتھا جس میں ان سے کہاگیاتھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 4جون کوجاری کئے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017کے تحت ہرقسم کے تبادلوں اورتقرریوں پرپابندی لگادی گئی ہے اور الیکشن کمیشن نے حکم دیاہے کہ 31مئی کو جاری ہونے والے الیکشن پروگرام کے بعدکئے گئے ہرقسم کے تقرروتبادلوں کومنسوخ تصورکیاجائے گااوراس حوالے سے احکامات پر عملدرآمدکی رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔ ان احکامات کی روشنی میں سی پی اوراولپنڈی نے ضلع راولپنڈی میں 31مئی کے بعدکئے گئے تمام تبادلے اورتقرریاں منسوخ کردیں۔ ذرائع کاکہناہے کہ اس حوالے سے 143ملازمین کے تبادلوں کی منسوخی کے احکامات 21جون جمعرات کوجاری کردیئے گئے ہیں ۔اوران ملازمین کوحکم دیاگیاہے کہ وہ اپنی سابقہ جائے تعیناتی پررپورٹ کریں۔