اسلام آباد(وقائع نگار) پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے بینظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو کے فلسفے پر عمل کرنے سے جمہوریت مستحکم اور ملکی سلامتی یقینی ہوگی کیونکہ انہوں نے اپنی زندگی میں قوم کو سچائی کا راستہ دکھاتے ہوئے بتا دیا تھا کہ ملک کے دوست کون اور دشمن کون ہیں۔وہ پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی فوزیہ حبیب، سابق صدر کے ترجمان عامر فدا پراچہ، راجہ عمران اشرف، راجہ شکیل عباسی، راجہ امجد، ملک حاکمین خان، چوہدری افتخار، نعیم کیانی، سمیرا گل، راجہ مختار عباسی، سہیل رومی، ندا نذیر سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ نیر حسین بخاری نے کہا کہ آنے والے الیکشن اہم ہیں ۔ نواز شریف کی کھوکھلی خارجہ پالیسی نے عالمی سطح پر پاکستان کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے بینظیر بھٹو کے نقش قدم پر چل کر بہترین سفارتکاری کی جس سے پاکستان کے دوستوں میں اضافہ ہوا۔