اسلام آباد (رپورٹ …اسرار خان) نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ جو مجموعی طور پر 969؍ میگاواٹ پر مشتمل ہے اس کا پہلا یونٹ جون 2017ء سے پیداوار شروع کردے گا جسے 2016ء میں مکمل ہونا تھا۔ ایک سال کی تاخیر پی سی ون کے کئی بار ازسرنوجائزے کی وجہ سے ہوئی جس کی لاگت 404؍ ارب روپے ہے فی یونٹ 242.25میگایونٹ پر مشتمل اس پروجیکٹ کے چار یونٹس ہیں۔ پروجیکٹ نے اپنی تکمیل کا 77.5فیصد ہدف مکمل کرلیا ہے اس خوشی میں منعقدہ تقریب میں چیئرمین واپڈا ظفرمحمود، ممبر فنانس واپڈا انوارالحق، پروجیکٹ کے منتظم اعلیٰ لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد زبیر اور دیگرنے شرکت کی۔ چیئرمین واپڈا نے اس موقع پر تعمیر کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ باقی تین یونٹس بھی دسمبر 2017ء تک کام کرنا شروع کردیں گے۔ ممبر فنانس نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ پروجیکٹ پر اب تک 250؍ ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں جنرل زبیر نے بتایا کہ پاور ہائوس ا ور سوئچ یارڈ توقع ہے نومبر 2016ء تک مکمل ہوجائیں گے۔