دادو اور سانگھڑ میں مختلف گروپوں کے تصادم کے نتیجے میں کئی افراد جاں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور کئی زخمی ہو کر مستقل معذوری کا شکار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دادو کی ڈسٹرکٹ جیل کےقریب مری اورلاشاری قبائل کے گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں مری قبیلے کے 3افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 2زخمی ہوئے ہیں۔
ادھر سانگھڑ میں دو گروہوں میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے ۔
پولیس کے مطابق تھانہ منگلی کے گاؤں چک2 میں محلے سے گزرنے پر دو گروہوں میں تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد دونوں گروہوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے باعث 60 سالہ بزرگ جاں بحق اور اُن کے 3بیٹوں سمیت ایک بچہ زخمی ہوگیا۔
زخمیوں اور جاں بحق بزرگ کی لاش کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس ملزمان کی گرفتاری کےلیے چھاپے مار رہی ہے۔