اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ایوان بالا کے اجلاس کے دوران چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے انکشاف کیا کہ کراچی میں ایک شخص نے میرا نام استعمال کرتے ہوئے بہت بڑا فراڈ کرنے کی کوشش کی‘ میں نے یہ معاملہ ایف آئی اے کو بھجوا دیا ہے۔ جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ جب میں چیئرمین سینیٹ بنا تو بھی میں نے کہا کہ تھا کہ ایک شخص نے میرا نام غلط استعمال کرنے کی کوشش کی ہے اور اب پھر تین چار روز قبل میرے نوٹس میں ایک بات آئی ہے کہ کراچی میں میرا نام استعمال کرتے ہوئے بہت بڑا فراڈ کرنے کی کوشش کی۔ مجھے اس کا پتہ لگ گیا ہے اور معاملہ ایف آئی اے کو بھجوا دیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس سے پہلے بھی کراچی میں ہونیوالے فراڈ میں ان کا نام استعمال ہوچکا ہے۔ کوئی بھی شخص اگر میرا نام کسی بھی معاملے میں استعمال کرتا ہے تو مجھ سے یا میرے سٹاف سے کراس چیک کر لیا جائے۔