راولپنڈی (نیوز ر پورٹر ) صدر متحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی شمس الرحمان سواتی نے کہا ہے کہ ایم ایم اے نے راولپنڈی ضلع کی مزید دو قومی اسمبلی کی نشستوں کا باہمی مشاورت اور خوش اسلوبی کے ساتھ فیصلہ کر لیا ہے۔فیصلے کے مطابق این اے 59کا ٹکٹ جمعیت علماء اسلام (ف) اور این اے 62کا ٹکٹ جمعیت علماء پاکستان کو دیدیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایم ایم اے ضلع راولپنڈی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ضلعی صدر شمس الرحمان سواتی کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں این اے 59کے متعلق اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ ممتاز عالم دین اور جے یو آئی(ف) کے رہنما مولانا عبد الغفار توحیدی ایم ایم اے کے امیدوار ہوں گے ٗ جبکہ جماعت اسلامی کے محمد تاج عباسی اپنے کاغذات رضا کارانہ طور پر واپس لے لیں گے۔ علماء کرام نے ایم ایم اے کی طرف سے مولانا عبد الغفار توحیدی کو این اے 59 سے امیدوار نامزد کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ اس کے علاوہ ایم ایم اے صوبہ پنجاب کے پارلیمانی بورڈ میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے نمائندے نے این اے 62 راولپنڈی شہر کی نشست جمعیت علماء پاکستان کے نمائندے کو دینے پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے ۔ اب صوبائی پارلیمانی بورڈ کے فیصلے کے مطابق این اے 62 پر جمعیت علماء پاکستان کے نمائندے طارق منیر بٹ ایم ایم اے کے امیدوار ہوں گے۔