• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور تھانہ کلچر میں تبدیلی لانے کے لیے سکھر میںاپنی نوعیت کا پہلاجدیدسہولتوں سے آراستہ فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کردیا گیا۔عوام کو چھوٹے چھوٹے مسائل کے حوالے سے اب تھانے جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔موبائل فون ، کاغذات کی گم شدگی یا چوری ہونے ،خانگی تنازعات ، ڈرائیونگ لائسنس کے حصول، خواتین و بچوں پر تشدد کے واقعات اور انہیں تحفظ کی فراہمی یقینی بنانے،بیرون ملک سے آنے والے افراد کی رجسٹریشن اور غیر ممالک جانے والے افراد کو این او سی لینے ، نوکری کےلیےامیدوار کو پولیس کی ویریفکیشن ، کیریکٹر سرٹیفکیٹ کے حصول کے لئے اب تھانے جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔لوگ اپنے چھوٹے موٹے مسائل کے حل کے لئے فیسلیٹیشن سینٹر سے رجوع کرسکتے ہیں۔ اس جدید طرز کے کمپیوٹرائزڈ اور ایئرکنڈیشنڈ فیسلیٹیشن سینٹر میں تربیت یافتہ مرد وخواتین پولیس افسران و اہل کار 24گھنٹے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ فیسلیٹیشن سینٹر کے قیام سے عوام اور پولیس کے درمیان رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔

پولیس سہولت مرکز کا قیام

یہ اپنی نوعیت کا پہلا فیسلیٹیشن سینٹر ہے جس کے قیام سے سکھر ضلع کے عوام کو ان مشکلات کے حوالے سے بہت زیادہ ریلیف ملے گا ۔اس کاباضابطہ افتتاح آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کیا، اس موقع پر ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے فیسلیٹیشن سینٹر کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی۔ آئی جی سندھ نے سینٹر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں موجود افسران واہل کاروں سے اس حوالے سے معلومات حاصل کیں۔

سائنس و ٹیکنالوجی کے جدید دور میں جہاں ٹیکنالوجی نے ہر شعبہ زندگی میں انقلاب برپا کیے ہیں،، وہیں 21ویں صدی میں امن و امان اور جرائم سے متعلقہ چیلنجز سے احسن طریقے سے نبردآزما ہونے کے لئے محکمہ پولیس کے لیے بھی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہوگیا ہے اور جب تک پولیس کو جدید سائنسی خطوط پر استوار نہیں کیا جاتا، اس وقت تک معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی تعیناتی سےلے کر اب تک محکمہ پولیس سندھ کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو ماضی کے مقابلے میںخاصی حد تک بہتری آئی ہے۔ آئی جی سندھ کی جانب سے محکمہ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے سلسلے میں جو اقدامات کئے گئے ہیں ان کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

پولیس سہولت مرکز کا قیام

سکھر کے اس جدید ترین سینٹر میں مختلف نوعیت کے معاملات کے حوالے سے ایک درجن سے زائد کائونٹر قائم کئے گئے ہیں، اس سے قبل ان مسائل کے لیے عوام کومتعلقہ علاقوں کے تھانوں میں جانا پڑتا تھا جہاں انہیں پریشانیوں سے بھی دوچار ہونا پڑتا تھا۔، اس لیے زیادہ تر لوگ تھانے جانے سے کتراتے تھے ۔گزشتہ دو سال کے دوران سندھ پولیس کے اقدامات کے باعث پولیس اور عوام کے درمیان رابطے مضبوط اور مستحکم ہوئے ہیں اور شہر میں امن و امان کی بہتری کے لئے عوام اور پولیس کے درمیان ہم آہنگی بھی دیکھی جارہی ہے۔ پولیس پر شہریوں کے اعتماد کو مزید مستحکم بنانے کے لیے’’سہولت مرکز‘‘ قائم کیا گیا ہے تاکہ لوگ تھانے جانے کے بجائے وہاں آکر اپنے مسائل کو حل کرائیں۔

ایس ایس پی آفس سکھر میں قائم کئے جانے والے اس جدید طرز کے سینٹر میں عوام کی شکایات کے ازالے اور انہیں سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے متعدد سیل قائم کئے گئے ہیں۔ فیسلیٹیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ پولیس فورس کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنے کے سلسلے میں ضروری اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مختلف منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جارہا ہےجن کے ثمرات سے عوام ہی مستفید ہوں گے۔پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور اس کے مورال کو مزید بلند کرنا میرا عزم ہے۔ حکومت سندھ نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کیا،اور فیسلیٹیشن سینٹر کے قیام میں بھی سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی معاونت شامل ہے۔تجرباتی طور پر سب سے پہلا ’’ سہولت مرکز‘‘ سکھر میں بنایا گیا، ہم دیکھیں گےکہ اس سے عوام کو کتنا فائدہ ہوتا ہے، پولیس اور عوام کے تعلقات میں کیا فرق پڑتا ہے، مثبت رپورٹ آنے کے بعد ایسے ہی سینٹرسندھ کے تمام چھوٹے بڑے اضلاع ضلع میں بنائے جائیں گے۔اس نوعیت کا پورے پاکستان میںفیسیلیٹیشن سینٹر نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس کے احتساب کے لئے ایک مضبوط میکنیزم کی ضرورت ہے، پولیس کا نیا قانون جو ہم پروپوز کررہے ہیں، اس میں ہم کوشش کریں گے کہ ایڈیشنل آئی جی کی پوسٹ بنائی جائے جو کہ پورے سندھ میںاحتساب کے معاملات کی نگرانی کریں۔پولیس کے محکمے میں فرائض سے غفلت برتنے پر جتنی سزائیں افسران و اہلکاروں کو دی جاتی ہیں، کسی اور سرکاری محکمے میں ہیں دی جاتی۔

پولیس سہولت مرکز کا قیام

آئی جی سندھ نے ایس ایس پی سکھر امجدا حمد شیخ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح پولیس نے اپنے پیشہ وارانہ فرائض احسن انداز میں ادا کرتے ہوئے عوام میں اپنا اعتماد بحال کیا ہے اس سینٹر کے قیام کے بعد پولیس اور عوام کے رابطے مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے اور پولیس، عوام دونوں مل کر معاشرے کی بہتری کے لئے کام کریں گے۔ تقریب میں ڈی آئی جی سکھر رینج خادم حسین رند، ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ ،ایوان صنعت و تجارت سکھر کے صدر انجنیئر عبدالفتاح شیخ ، سماجی و مذہبی رہنما حافظ محبوب علی سہتو،ملک محمد جاوید ، کامل فاروقی سمیت بڑی تعداد میں تاجروں، صنعت کاروں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تازہ ترین
تازہ ترین