کراچی(اسٹاف رپورٹر) ہالینڈ میں کھیلی جانے والی آخری چیمپئینز ٹرافی ہاکی ٹور نامنٹ میں پاکستانی ہاکی ٹیم نے اپنی مہم کا آ غاز مایوس کن انداز میں کیا، روایتی حریف بھارت نے اسے یکطرفہ مقابلے کے بعد 4.0کے بڑے مارجن سے شکست دی، بریڈا ہاکی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے حددرجہ غیر معیاری کھیل کا مظاہرہ کیا، بھارت نے آ خری چھ منٹ میں تین گول داغ دئیے، پاکستان نے ایک گول کی سبقت اتارنے کے لئے انوکھا تجربہ کرتے ہوئے میچ کے آخری پانچ منٹ میں اپنے گول کیپر کو واپس بلالیا اور اس کی جگہ فاروڈ لائن میں اضافہ کردیا جس کا خمیازہ اسے مزیددوگول کی شکل میں برداشت کرنا پڑا،اس کی یہ حکمت عملی اسے خاسی مہنگی پڑ گئی،پاکستان نے ٹورنامنٹ میں انتہائی افسوس آغاز کیا اور اسے پہلے ہی میچ میں روایتی حریف سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔بھارتی ٹیم نے کھیل کی ابتداء سے ہی پاکستان ٹیم پر دباؤ رکھا اور 26 ویں منٹ رمن دیپ سنگھ نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔بھارت کی جانب سے دوسرا گول دلپریت سنگھ نے 54 ویں منٹ میں کیا اور ٹیم کو 0-2 کی برتری دلادی۔بھارت کی جانب سے تیسرا گول کھیل کے 57 ویں منٹ میں مندیپ سنگھ جب کہ چوتھا گول آخری منٹ میں للیت اپادھے نے کیا۔ ارجنٹائن نے میزبان ہالینڈ کو شکست دی جبکہ بلجیم اور آسٹریلیا کا مقابلہ 3-3گول سے برابر رہا۔یاد رہے کہ یہ آخری چیمپیئنز ٹرافی ہے جس کے بعد اس ایونٹ کا سلسلہ ختم ہو جائے گا اور 2019 سے اس کی جگہ ہاکی پرو لیگ (ایچ پی ایل) شروع کی جائے گی۔بھارت اب تک کوئی چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ نہیں جیتا ہے تاہم پاکستان 3 مرتبہ یعنی 1978، 1980 اور 1994 میں چیمپئنز ٹرافی کا فاتح بن چکا ہے۔