راولپنڈی(جنگ نیوز)سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ کسی ٹکٹ کا محتاج نہیں ہوں اور 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہوں گی،جو شخص مشرف دور میں ق لیگ کا ایم پی اے رہا‘ آج نوازشریف سے وفاداری دکھا رہا ہے۔ چک بیلی میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ آستین چڑھا کر تو ہر کوئی تقریر کر سکتا ہے لیکن میں نے حلقے کی گلی گلی میں کام کروایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مسافر عوام سے ووٹ مانگنے آئیں گے، آپ کے پاس ایک شخص ٹیکسلا سے ووٹ لینے آئے گا، اس شخص کی ایم اے، بی اے کی ڈگری جعلی ہے اور میٹرک بھی فیل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس شخص کی پہچان یہ ہے کہ یہ میرا مخالف ہے، اس لیے پیپلزپارٹی اور مشرف نے اس کو وزیر بنایا، میری مخالفت کی وجہ سے ہی عمران خان نے اسے ٹکٹ دیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس حلقے پر ساری دنیا کی نظریں ہوں گی، آؤ اپنا امیدوار لاؤ مگر مجھے شکست نہیں دے سکتے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں اور جیل بھیجا گیا، نواز شریف کو پھر سعودی عرب جلا وطن کر دیا گیا، مسلم لیگ ن نے اس وقت صرف 13 نشستیں جیتیں اور ان میں میری نشست بھی شامل تھی۔چوہدری نثار نے کہا کہ میرا مخالف شخص 8 سال مشرف کی وردی کے پیچھے چھپتا رہا، یہ ہی میرا مخالف پیپلزپارٹی میں بھی رہا ہے، جو شخص مشرف دور میں ق لیگ کا ایم پی اے رہا، آج نوازشریف سے وفاداری دکھا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ قیامت کی نشانیاں ہیں کہ پرویز مشرف کے حمایتی آج نواز شریف سے وفاداری کے معیار قائم کر رہے ہیں لیکن ان لوگوں کی مثال ایسی ہے جیسے چور پولیس کی تعریف کر رہا ہو۔