• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹھٹھہ، کالا باغ ڈیم کیخلاف عوامی رابطہ تحریک کی بھوک ہڑتال ختم

ٹھٹھہ(نامہ نگار) عوامی رابطہ تحریک کی جانب سے کالا باغ ڈیم کی ممکنہ تعمیر کے خلاف پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے دو روزہ علامتی بھوک ہڑتال اختتام پذیر ہوگئی۔ بھوک ہڑتال کیمپ میں درجنوں خواتین اور مردوں نے شرکت کی، اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عوامی رابطہ تحریک کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ سرور پلیجو، امجد پلیجو، تنزیلہ خاصخیلی و دیگر نے کہا کہ غیر منصفانہ تقسیم کے باعث سندھ میں پہلے سے ہی پانی کا شدید مصنوعی بحران پیدا ہوگیا ہے۔ کوٹری ڈاؤن اسٹریم میں مطلوبہ مقدار میں پانی نہ چھوڑے جانے کے باعث لاکھوں ایکڑ زمین سمندر برد ہوگئی ہے، سندھ میں ماہی گیری کی صنعت دم توڑ رہی ہے، بڑی تعداد میں ماہی گیروں کے خاندان بیروزگار ہوکر نقل مکانی کر رہے ہیں، جبکہ ساحلی پٹی میں زیر زمین پانی بھی اب کھارا ہوگیا ہے اور زیریں سندھ کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور ایسے میں کالاباغ ڈیم کے مردہ گھوڑے کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو عمل سندھ کے عوام کو کسی بھی صورت میں قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کالاباغ ڈیم کو تین صوبائی اسمبلیوں نے پہلے ہی مسترد کردیا ہے اور اسے عوام پر زبردستی مسلط کرنے سے قومی اتحاد اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کالاباغ ڈیم کی تعمیر کا منصوبہ ترک کیا جائے اور پانی کی منصفانہ تقسیم کرتے ہوئے سندھ کو اس کے حصے کا پانی فراہم کرکے پانی کا مصنوعی بحران ختم کیا جائے۔

تازہ ترین