اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ(ن) نے راولپنڈی کے سیاسی فرعونوں کا غرور خاک میں ملانے کی حکمت عملی تیار کرلی ،پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سنیٹرز، سابق پارلیمنٹیرئنزاور پارٹی عہدیداران پر مشتمل سینئر قیادت کی ڈاکٹر جمال ناصر کی سیٹلائٹ ٹاون راولپنڈی میں رہائش گاہ قمر ہاوس میں بیٹھک کی گئی ۔ انتخابی لائحہ عمل کے جائزہ اجلاس میں مختلف امور پر غور کیا گیا، ڈاکٹر جمال ناصر کی اعلی خدمات اور کارکر دگی کو پارٹی عہدیدارن کی طر ف سے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے تمام رہنما و کارکن یک جان ہو کر راولپنڈی سے مکرو فریب ، دروغ گوئی اور اخلاقی پستی کا شکار نام نہاد سیاسی گماشتوں کا بوریا بستر گول کرکے تمام صوبائی اور قومی اسمبلی کے حلقوں میں لینڈ سلائیڈ وکٹری حاصل کریں گے ۔ اجلاس میں سینیٹر چوہدری تنویر خان، طاہر ہ اورنگزیب ، سیما جیلانی،میئر راولپنڈی سر دار نسیم، بیرسٹر دانیال چوہدری امیدوار NA-62، سجاد خان، ملک شکیل اعوان، راجہ محمد حنیف، تحسین فواد، زیب النساء اعوان، شیخ ارسلان حفیظ، شرجیل میر،جاوید مغل، ضیاء اللہ شاہ، راحت قدوسی، مرزا منصور بیگ ،راجہ مشتاق، شیخ سلیم، راجہ باسط مسکین، سردار طارق، خان محمد خانواور دیگر عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں ڈاکٹر جمال ناصر کے والدمرحوم نثار احمد نثار اور ان کی والدہ مرحومہ قمرجہاں کی سیاسی ، قومی اور سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا گیاکہ ان کا خاندان مسلم لیگ کا گڑھ رہا ہے اور قیام پاکستان سے قبل تحریک خلافت میں اورپاکستان کے معرض وجود میں آنے کے بعد قومی سیاست میں اس خاند ان کے اکابرین کی متحرک سیاسی کردار اور ڈاکٹر جمال ناصر کی بے لوث سماجی خدمات کے اعتراف میں انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھاجاتا ہے اور اس طرح کے بے داغ اور قومی خدمت کا جذبہ رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماوں کے کردار اور عمل کے باعث راولپنڈی کے عوام لیگی نمائندوں کو بھار ی اکثریت سے کامیاب کریں گے۔ سنیٹر چوہدری تنویر نے کہاکہ ہمارے اتحاد نے مخالفین کے حوصلے پست کر دیئے ہیں اور ان کو اپنی شکست واضح نظر آ رہی ہے ا نہوں نے کہاکہ راولپنڈی کے عظیم ترقیاتی منصوبے ہماری عوامی خدمت کے نشان ہیں اور ہم اپنی کارکردگی اور عملی خدمت کے بل بوتے پر دوبارہ کامیاب ہو کر راولپنڈی کوترقی کی نئے معراج سے ہمکنار کریں گے۔