• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، شہر کے مختلف علاقوں میں درجنوں فلٹرپلانٹس بند، عوام پینے کے صاف پانی سے محروم

سکھر(بیورو رپورٹ ) ضلع سکھر کی20لاکھ آبادی آج بھی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے، شہریوں کو پینے کا جو پانی دریائے سندھ سے واٹر ورکس کے ذریعے فراہم کیا جارہا ہے وہ آلودہ ، بدبودار اور صحت کے لئے انتہائی مضر ہے، جسے استعمال کرنے سے گیسٹرو سمیت پیٹ کی دیگر بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں، سکھر شہر سمیت ضلع بھر میں لگائے گئے فلٹر پلانٹ ناکارہ اور بند پڑے ہیں،حکومت اور انتظامیہ کی توجہ اور تھوڑی سی کوشش سے یہ فلٹر پلانٹس دوبارہ قابل استعمال بنائے جاسکتے ہیں اور عوام کو پینے کا صاف پانی خرید کر پینے سے چھٹکارے کے ساتھ ساتھ غریب عوام کو پینے کے صاف پانی کی سہولت فراہم کی جاسکتی ہے، سابقہ ضلعی حکومت کے دور میں تعمیر کئے گئے یہ فلٹر پلانٹ کچھ عرصہ چلنے کے بعد ہی خراب ہوگئے تھے جن کی درستی کے لئے کئی سال گزرجانے کے باوجود اقدامات نہیں کئے گئے ، پیپلزپارٹی کی سندھ میں حکومت کو تقریبًا8سال ہوچکے ہیں لیکن ان 8 بر سں کے دوران موجودہ حکومت نے بھی آج تک ان فلٹر پلانٹس کو چلانے کیلئے کوئی کوششیں نہیں کیں، جس کے باعث ضلع بھر میں منرل واٹر کا کاروبار عروج پر ہے بڑی تعداد میں لوگ مجبوراًمنرل واٹر کا استعمال کررہے ہیں لیکن اکثریت میں غریب آبادی آلودہ پانی پینے پر مجبور ہے، شہری حلقوں نے منتخب نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی فوری طور پر یقینی بنانے کیلئے یہ فلٹر پلانٹ دوبارہ چلائے جائیں۔
تازہ ترین