اسلام آباد(اے پی پی)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ نیب عدالت سے نوازشریف کو کبھی انصاف نہیں مل سکتا‘نوازشریف بھاگے نہیں ‘جلد واپس آئیں گے‘قمرالاسلام کی گرفتاری قبل از وقت دھاندلی نہیں توکیاہے‘قمرالاسلام کو رہاکیاجائے‘نیب کو خرابی صرف مسلم لیگ (ن)میں ہی نظرآرہی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو اپیلٹ ٹریبونل اسلام آبادکی جانب سے این اے 53سے الیکشن لڑنے کی اجازت ملنے کے بعدمیڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ اپنے حلقے کے لوگوں کی خدمت کی جس کو ریٹرنگ افسر نے غلط سمجھا جبکہ عمران خان نے شق خالی چھوڑ کر ٹھیک کیا کیونکہ انہوں نے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ این اے 59 سے ہمارے امیدوار کو نیب نے گرفتار کیا جو انتہائی تشویشناک ہے، میری نگراں حکومت اور نیب سے گزارش ہے کہ قمر الاسلام کو چھوڑ دیا جائے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ قبل از انتخابات دھاندلی نہیں تو کیا ہے، نیب کو خرابی صرف مسلم لیگ (ن) میں ہی نظر آرہی ہے، تین بار ملک کا وزیراعظم رہنے والے کی ایک سو سے زیادہ پیشیاں ہوچکی ہیں، نیب عدالت سے کبھی نواز شریف کو انصاف نہیں مل سکتا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف بھاگے نہیں ، وہ جلد واپس آ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی میں اثاثہ جات کی مالیت ان کی خرید کے وقت کی ظاہر کی جاتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ این اے 59 میں چوہدری نثار کی ہمدردیاں بھی اپنی جماعت کے ساتھ ہوں گی۔