• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کا انتخابی حلقہ پھر تبدیل ،این اے 125سے ٹکٹ جاری

مریم نواز کا انتخابی حلقہ پھر تبدیل ،این اے 125سے ٹکٹ جاری

سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کا انتخابی حلقہ ایک بار پھر تبدیل کردیا گیا ،انہیں این اے 127 کے بجائے این اے 125سے ٹکٹ جاری کردیا گیا ہے ۔

مریم نواز شریف نے لاہور کے دونوں حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے ،پارٹی انٹرویوز کے دوران انہیں این اے 127 سے انتخاب لڑنے کا گرین سگنل دیا گیا تھا ۔

ن لیگ کی انتخابی فہرست کے مطابق مریم نواز شریف کو این اے 127 کے بجائے این اے 125سے ٹکٹ جاری کیا گیا ہے ،وہ اس حلقے میں اپنی والدہ کلثوم نواز کی ضمنی انتخابات میں الیکشن مہم کی قیادت کرچکی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ نے این اے 125سے پرویز ملک کو ٹکٹ دینے کا امکان تھا لیکن بلال یاسین بھی اسی حلقے سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنا چاہتے تھے ۔

مریم نواز نے حلقے کی تبدیلی کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ میرا حلقہ تبدیل نہیں ہوا بلکہ میرے حلقے کا اعلان ہی آج ہوا ہے،میں نے این اے 125 کےلئے ہی درخواست دی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ والدہ کی طبیعت بہتر ہوتے ہی پاکستان واپس جائیں گے اور پارٹی قیادت جہاں کہے گی وہاں سے الیکشن لڑوں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں امیدواروں کو شیر کے نشان سے محروم کیا گیا لیکن یہ 2018 ہے اور قوم جاگ رہی ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما بلال یاسین کا کہنا ہے کہ این اے 127 پر مریم نواز ہیں جب کہ این اے 125 سے انتخاب لڑنے کا میرا حق بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ صرف نواز شریف کا نہیں بلکہ شہباز شریف کا بھی ہے، شہباز شریف پارٹی کے صدر اور نواز شریف پارٹی کے قائد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے فیصلہ اہم نہیں کیونکہ سزا تو پہلے ہی دی جا چکی ہے، میاں صاحب کو پہلے وزارت عظمیٰ اور پھر پارٹی صدارت سے ہٹایا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ میاں صاحب جھکتے نہیں بلکہ سویلین بالا دستی کی بات کرتے ہیں، آئین اور قانون کی بات کرتے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی پہلی مرتبہ نہیں ہوئی لیکن پھر بھی وہ ڈر کر بھاگے نہیں اور اپنے موقف پر ڈٹے رہے، جو فیصلہ آئے گا اس کاسامنا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض لوگوں کی وجہ شہرت کرپشن ہے لیکن اُن سے کوئی نہیں پوچھتا۔

تازہ ترین