کراچی ( اسٹاف رپورٹر) نگراں وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے کہاہے کہ آئیڈیاز 2018 ڈیفنس ٹیکنالوجی کی ترقی اور اس حوالے سے برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی، یہ پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی ، مہارت اور معلومات کے حوالے سے ایک سنگِ میل ایونٹ ثابت ہوگا۔انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ ہائوس میں آئیڈیاز 2018 کے دوسری اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں وفاقی وزارتوں کے سینئر حکام ،سندھ حکومت کے مختلف محکموں، افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور نیشنل الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ ایک بین الاقوامی اہمیت کا حامل ایونٹ ہے اور اس سے بین الاقوامی برادری کے ساتھ باہمی مفادات کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز عالمی امن و استحکام اور خوشحالی کے حوالے سے ایک پلیٹ فارم ہے جس میں بڑی تعداد میں غیر ملکی وفود ، قومی اور بین الاقوامی دفاعی مینوفیکچرر شرکت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس دسویں ایڈیشن کی میزبانی ہمارے لیے باعثِ فخر ہے اور اس سے ٹیکنالوجی کے فروغ اور تبادلے کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) ایک میگاقومی ایونٹ ہے، جس کا ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن(ڈی ای پی او) پاکستان میں اہتمام کررہاہے۔ سال 2000 سے اپنے آغاز سے لے کر آئیڈیاز نے دفاعی اشتراک کے شعبے میں تعاون و مہارت کے فروغ کے حوالےسے ایک پالیسی میکر کی سطح پر کام کیاہے اور دفاعی مینوفیکچر ، منتظم، آر اینڈ ڈی اسپیشلسٹ ، مالی ماہرین کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر ایک فعال کردار ادا کیا ہے۔ آئیڈیاز وہ ایونٹ ہے جس کی بدولت قومی اور بین الاقوامی دفاعی صنعت ، کاروبار اور تعاون کے حوالے سے ایک دوسرے کے قریب آئے ہیں ۔