• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت و معیشت مضبوط کرنے کا عزم ، بلاول کا پہلا منشورجاری

 جمہوریت و معیشت مضبوط کرنے کا عزم ، بلاول کا پہلا منشورجاری

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جمہوریت کی جڑیں گہری کرنا ہماری پارٹی کے منشور میں شامل ہے ۔

بلاول بھٹو نے بطور پارٹی سربراہ اپنا پہلا منشور پیش کیا ، منشور کا نام ’ بی بی کا وعدہ نبھانا ہے، پاکستان کو بچانا ہے‘ رکھا گیا ہےجو مجموعی طور پر پارٹی کا گیارہواں منشور ہے جبکہ پیپلز پارٹی کا پہلا منشور 1967 میں ذوالفقار علی بھٹو نے پیش کیا تھا۔

اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کا ہر شعبہ استحصال کا شکار ہے لیکن ہم دنیا میں پاکستان کی جائز حیثیت بحال کرائیں گےجبکہ آج پاکستان مفلوج ہو چکا اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کے باوجود پاکستان عالمی تنہائی کا شکار ہے۔

انہوں نےمزید کہا کہ احتساب کے نام پر تمام ادارے تباہ کر دیے گئے ، پارلیمنٹ خاموش تماشائی بن کر ریاست و معیشت کو لاحق خطرات دیکھتی رہی جبکہ ہم ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیں گے اور پارلیمنٹ سمیت دیگر اداروں کے ڈھانچوں کو مضبوط بنائیں گے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم ملک کے وقار پر سمجھوتا نہیں کریں گے اور دنیا کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات رکھیں گےجبکہ پارلیمان کو خارجہ پالیسی پر اعتماد میں رکھیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سلالہ پر حملے کے بعد شمسی ایئربیس کر دیا اور 7 ماہ نیٹو سپلائی بند کی، امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی اور پہلی مرتبہ ایک سپر پاور ملک کو معافی مانگنی پڑی تھی۔

بلاول نے اپنے پہلے منشور میں پانی کے مسئلے کوشامل کیا اور کہا کہ پاکستان میں پانی کا مسئلہ سنگین ہے، پانی کے مسئلے کو حل نہ کیا تو یہ سنگین صورتحال اختیار کر جائے گا، عوام میں شعور اجاگر کرنا ہو گا کہ پانی کی بچت میں بقا ہےجبکہ ہم نے جام شورو میں ڈیمز بنائے لیکن ہمیں ملک بھر میں ڈیمز بنانے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی پانی کے مسئلے پر کام کر رہی ہے لیکن افسوس ہے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ایک پانی کا منصوبہ نہیں بنا، ہمیں ڈیم بنانے ہوں گے اور ڈرپ اریگیشن کو فروغ دینا ہو گا۔

زرعی اصلاحات اور ٹیکسٹائل کے حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان کی زراعت کا برا حال ہے لیکن ہم ملک کے کسانوں کی رجسٹریشن کر کے انہیں بے نظیر کسان کارڈ جاری کریں گےاور ساتھ ہی خواتین کسانوں کی رجسٹریشن بھی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی پیداوار میں اضافے کے لیے مقامی کاشتکاروں کو سبسڈی دی جائے گی، یوریا کھاد کی قیمت 500 روپے اور ڈی اے پی کھاد کی قیمت 1700 روپے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کو پاکستانی معیشت میں مرکزی حیثیت حاصل ہے لیکن آج اس شعبے کا برا حال ہے، ہم ٹیکسٹائل کے شعبے کو بحال کریں گے اور ٹیکسٹائل پر زیرو ٹیکس ہوگا۔

صحت کی سہولیات کو بھی بلاول نے اپنے منشور میں شامل کیا اور کہا کہ عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے اور اس حوالے سے پیپلز پارٹی کی حکومت نے کراچی، ٹنڈو محمد خان، مٹھی اور خیرپور میں اسپتال کھول رکھے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ ہم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کینسر کا علاج متعارف کرایااور بدین میں 8 منزلہ جدید اسپتال قائم کیا، ہم اقتدار میں آ کر صحت کی سہولتوں کے نظام کو ملک بھر میں پھیلائیں گے اور پہلی مرتبہ فیملی ہیلتھ پروگرام شروع کریں گے۔

بلاول بھٹو نے مضبوط جمہوریت کو بھی اپنے منشور کا حصہ بنایا اور کہا کہ جمہوریت کے دشمنوں کی سازشیں جاری ہیں، سالہا سال سے پارلیمنٹ میں غیرحاضر رہ کر ووٹ کو عزت نہیں دی جا سکتی جبکہ پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے سے بھی جمہوریت مضبوط نہیں ہوتی تاہم تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ آزادی اظہار رائے پر قدعن لگائی جا رہی ہے لیکن پیپلزپارٹی کو سنسر اور ملاوٹ شدہ جمہوریت قبول نہیں اور پیپلزپارٹی معیاری جمہوریت کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی۔

طلباء اور ٹریڈ یونینز کی بحالی بھی بلاول کے منشور کا حصہ ہیں۔چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ طلباء یونین اور ٹریڈ یونین پر پابندی ختم کی جائے گی۔ منشور میں پہلی مرتبہ لونگ ویج کا پیکیج متعارف کرایا ہے جس کے تحت کسی کو ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

تازہ ترین