کراچی(اسٹاف رپورٹر) ہالینڈ کے شہر بریڈا میں کھیلی جانے والی چیمپئنزٹرافی ہاکی ٹور نامنٹ میں پاکستانی کی مسلسل ناکامیوں کو بریک لگ گیا، پاکستان ایونٹ میں اپنی پہلی فتح ارجنٹائن کے خلاف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔اسکور 1-4 رہا۔ اولمپک چیمپئن ٹیم کے خلاف جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے غیر معمولی کارکر دگی کا مظاہرہ کیا اور حرف ٹیم کو خاصا پریشان کرتے ہوئے آخری لمحات تک میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی، آخری کوارٹر بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے مہارت کا ثبوت دیا اور اپنے بھر پور اسٹیمنا سے تین گول داغے، پاکستان نے کھیل کے دسویں منٹ میں محمد رضوان جونیئر خوبصورت فیلڈ گول سے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔ 29 ویں منٹ میں ارجنٹائن کی جانب سے میٹس پیری ڈیز نے گول اسکور کرکے برتری کا خاتمہ کردیا۔ تاہم آخری کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑیوں نے کمبائنڈ موو کی مدد سے حریف کے گول پر پے درپے حملے کئے اور تین گول اسکور کئے۔ پاکستان نے 11 منٹ میں تین گول بنائے ، اس دوران پاکستان کے توثیق نے گول کا ایک یقینی چانس بھی ضائع کیا، ارجنٹائن نے کھیل کے خاتمے سے تین منٹ قبل گول کیپرکو میدان سے واپس بلالیا تھا، پاکستان کی جانب سے47 مبشر علی نے پنالٹی کارنر پر گول بناکر پاکستان کو ایک گول کی سبقت دلائی، دو منٹ بعد اعجاز احمد نے فیلڈ گول بناکر برتری میں اضافہ کردیا، 58 ویں منٹ میں محمد علیم بلال نے پنالٹی اسٹروک پر پاکستان کا چوتھا گول اسکور کیا۔ پاکستان کے حماد شکیل بٹ نے ارجنٹائن کے خلاف اپنے انٹر نیشنل میچوں کی سنچری مکمل کی۔بیلجیم اور بھارت کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ پاکستان جمعے کو بیلجیم سے اپنا آخری میچ کھیلے گا ۔