خیرپور(بیورورپورٹ)سندھ مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی کے کنوینر و سندھ یونائٹیڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ نے کہاہے کہ ماضی میں جعلی مردم شماری ہوئی، مردم شماری سندھ کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے سندھ کے تمام افرا د کو مردم شماری میں حصہ لینا ہو گا وہ خیرپور میں پنج گلہ چوک پر سندھ بچاؤ مردم شماری جلسے سے خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہاکہ ہم پنجاب اور سندھ کے سرحدی علاقے کموں شہید سے ریلی کی صورت میں کراچی جا رہے ہیں ہم سندھیوں کو جگانے کیلئے نکلے ہیں ہم یہ ریلی لیکر شہر شہر جائیں گے گاؤں گاؤں جائیں گے انہوں نے کہاکہ ماضی میں ہونے والی مردم شماری کو ہم نہیں مانتے کیونکہ ماضی میں جعلی مردم شماری ہوئی اب ہم صاف و شفاف مردم شماری چاہتے ہیں انہوں نے کہاکہ قومی و صوبائی اسمبلیوں اور بلدیاتی اداروں کی نشستوں کا دارو مدار مردم شماری پر ہے صحیح مردم شماری ہوگی تو سندھ میں قومی و صوبائی اسمبلیوںاور بلدیاتی اداروں کی نشستیں بڑھیں گی۔جلسے سے جسقم کے مرکزی وائس چیئرمین ڈاکٹر نیاز کالانی،معروف دانشور ابرار قاضی،جئے سندھ قوم پرست پارٹی کے چیئرمین قمر بھٹی وکیل ،دو دو دیسی ،نواز خان زنئور،ڈاکٹر میر عالم مری،فیاض خمیسانی اور دیگر نے خطاب کیا جلسے میں جمعیت علماء اسلام اور دیگر جماعتوں کے کارکنوں نے بڑھ چڑھ کر شرکت کی جلسے کے شرکاء کموں شہید سے بڑی ریلی کی صورت میں خیرپور پہنچے تھے خیرپور پہنچنے پر وکلاء اور بڑی تعداد میں شہریوں اور سو ل سائٹی کے نمائندوں نے ان کا استقبال کیا ریلی میں شریک افراد نے شہر کی سڑکوں پر بھی گشت کیا شہر کی سڑکوں پر گذرنے کے دوران شہر کے لوگوں نے اپنے گھروں سے چھتوں پر چڑھ کر ان کو فتح کے نشان دکھائے خوشی کا اظہار کیا بعدازاں انہوں نے پنج گلہ چوک پر جلسہ کیا۔