حب (نامہ نگار) کوئٹہ سے کراچی جانے والی تیز رفتار ڈبل ڈور گاڑی بیلہ کے قریب الٹ گئی ، دو افراد جاں بحق، تین زخمی ہوگئے،لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں ہیں جنہیں وہ تدفین کیلئے کراچی کے علاقے ناظم آباد لے گئے ۔ زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے سول اسپتال بیلہ پہنچا دیا گیا ۔ حادثہ بیلہ شہر سے ساٹھ کلومیٹر دور کراڑو ریسٹ ہاؤس کے مقام پر پیش آیاجس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار حمزہ خان ولد حاجی انور اور شاہ زین خان ولد حاجی عظیم خان موقع ہی پر ہلاک ہوگئے جبکہ اطہر خان یوسفزئی ، محمد عمر ولد حاجی عمر انور ،مصطفی ولد رحمت اللہ زخمی ہوگئے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایدھی ٹرسٹ لسبیلہ کے انچارج ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی کی ہدایت پرایدھی ٹرسٹ بیلہ کے رضاکار اور ایدھی ٹرسٹ کی ایمبولینسیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں جہاں سے تینوں زخمیوں اور دونوں ہلاک شدگان کی لاشیں ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے سول اسپتال بیلہ پہنچائی گئیں جہاں تحصیلدار بیلہ عبدالجیلیل کھوسو اور تحصیلدار اورناچ خدا بخش بلوچ اسپتال پہنچ گئے جن کی نگرانی میں سول اسپتال بیلہ کے میڈیکل سپریٹینڈنٹ ڈاکٹر جاوید اقبال ،ڈاکٹر عبدالرشیدرونجھو اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں مزید علاج کیلئے سول اسپتال کراچی کے ٹراما سینٹر روانہ کردیا گیا جبکہ لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں ہیں جنہیں وہ تدفین کیلئے کراچی کے علاقے ناظم آباد لے گئے ۔ دریں اثناء ضلع خضدار کے علاقے اورناچ کی لیویز فورس نے حادثے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے ۔