لندن(مرتضیٰ علی شاہ/جنگ نیوز) سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ ملک میں انتخابات سے قبل دھاندلی شروع ہوگئی ، پاکستان میں دھاندلی کی نئی تاریخ رقم کی جارہی ہے، دھاندلی نہ روکی گئی تو نتائج ہولناک ہوں گے۔جبکہ مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک بار پارٹی ہی نااہل کردیں، ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تومٹ جاتا ہے ،ایک ایک کے بجائے سب مسلم لیگیوں کوایک ہی بارنااہل کردیاجائے،ان کو یہ کہنا چاہئے کہ ن لیگ کو ریس سے باہرکر دیتے ہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کا کہنا ہےکہ (ن) لیگ اپنے امیدواروں اور مخالف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی نا اہلیوں کو درست نہیں سمجھتی اور قمرالاسلام کی گرفتاری سے آزادانہ اور شفاف الیکشن کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ لندن کی ہارلے اسٹریٹ کلینک کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے وہئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ایک جیسے مقدمات میں دوسروں کے فیصلے کچھ اور ہمارے کچھ اور آتے ہیں، پچھلے کئی مہینوں کا ریکارڈ اٹھا کر دیکھ لیں، صرف میں اورمیرے ساتھی نشانہ بنے ہیں۔