کراچی(اسٹاف رپورٹر) بریڈا ہالینڈ میں کھیلی جانے والی چیمپئنزٹرافی ہاکی ٹور نامنٹ میں قومی ہاکی ٹیم کی پر فار منس خاصی مایوس کن رہی، قومی ٹیم جمعے کو کھیلے گئے میچ میں بیلجیم کے ہاتھوں4-2کی شکست سے دوچار ہوگئی، پاکستان کو کھیلے گئے پانچ میں سے چار میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اسے اکلوتی جیت ارجنٹائن کے خلاف ملی، ٹورنامنٹ میں جمعے تک پاکستان کے خلاف15 گول ہوئے جبکہ اس کے کھلاڑی سات مرتبہ گیند کو جال میں اچھالنے میں کامیاب ہوسکے۔ بیلجیم کے خلاف جمعے کے میچ میں پاکستان کی دفاعی لائن بہت زیادہ موثر ثابت نہ ہوسکی، جس کا بیلجیم کھلاڑیوں نے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے تین گول داغ دئیے، پاکستان نے کھیل کے11 ویں منٹ میں محمد علیم بلال کے پنالٹی کارنر کے گول کی مدد سے برتری حاصل کی،36 ویں منٹ میں تھامس برلیس نے برابر کردی، دو منٹ بعد علیم بلال پنالٹی کارنر پر دوسرا گول اسکور کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ ایک منٹ بعد ہی امورے کیوسٹر نے اپنی ٹیم کا دوسرا گول بناکر پاکستان کی سبقت ختم کردی۔ 51 ویں منٹ میں کیڈرک چالیسٹر نے اپنی ٹیم کا تیسرا گول اسکور کر کے ٹیم کو برتری دلادی۔ تین منٹ بعد 54 ویں منٹ میں فلورنٹ وین چوتھا گول بنانے میں کامیاب رہے، پاکستانی ٹیم امکان ہے کہ اب پانچویں چھٹی پوزیشن کا میچ کھیلے گی۔ میڈیا میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شکایت سامنے آنے کے بعد ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعے کو پاکستانی کھلاڑیوں کو ڈیلی الائونس دے دیا گیا ہے۔ ہفتے کوپہلا میچ ارجنٹائن اور آسٹریلیا کے درمیان جبکہ دوسرا میچ ہالینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلا جائیگا۔