سکھر (بیورو رپورٹ) متحدہ مجلس عمل سندھ کے صدر اورجمعیت علماء اسلام کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ بلاول اپنی ماں بینظیر کو انصاف نہ دلاسکے، حلقے کے عوام کو کیادینگے، حکمرانوں نے سندھ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، بلاول کے حلقہ میں 15ارب روپے کی کرپشن ہوئی ، تمام محکمے فریال تالپور کے پاس یرغمال ہیں اور بلاول بھٹو کچھ بھی نہیں کرپائے، آصف علی زرداری، فریال تالپور اور بلاول بھٹو زرداری کے ہوتے ہوئے سندھ سے کبھی بھی بھوک و بدحالی ختم نہیں ہوگی، پی پی نے سندھ کو تباہ کردیا۔ وہ پیپلزپارٹی کے سابق وزیر جام سیف اللہ خان دھاریجو کی جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کے موقع پر سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔ علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پارٹی میں نئی تبدیلی کی باتیں کررہے ہیں ،تبدیلی یہی ہے کہ لوگ پارٹی چھوڑ کر جارہے ہیں۔