ملتان (خبر ایجنسی ) سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو چھوڑنے کا مقصد اسے ختم کرنا نہیں تھا بلکہ مسلم لیگ کی محبت کبھی دل سے گئی ہی نہیں، نواز شریف کے بعد پارٹی میں سب سے زیادہ قربانیاں چوہدری نثار کی نہیں میری تھیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہناتھا کہ 11 حلقوں سے ایم این اے بن چکاہوں،ہمیشہ قومی سیاست کی،میری کوئی آف شورکمپنی ہے اور نہ ہی بینک سے قرضہ لیا، 7 سال سے فالج سے لڑرہاہوں لیکن اصولوں پر سمجھوتا نہیں کیا جبکہ میں نے صرف 2 پارٹیوں میں شمولیت اختیار کی،پارٹیوں کو کبھی مشکل میں نہیں چھوڑا۔ انہو ں نے کہا کہ تحریک انصاف کوچھوڑنا ،اسے ختم کرنا مقصد نہیں تھا،میرے دل سے کبھی مسلم لیگ گئی ہی نہیں تھی،مسلم لیگ میں نواز شریف کے بعد سب سے زیادہ قربانیاں میری تھیں جبکہ پارٹی میں چودھری نثارکی مجھ سے زیادہ قربانیاں نہیں رہیں۔جاوید ہاشمی کا کہناتھا کہ انتخابی سیاست سے باہر جارہا ہوں،عوام جس طرح انتخابی مہم کرنیوالوں کیساتھ برتائوکررہے ہیں،اصل احتساب یہی ہے۔مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی حمایت کروں گا کیونکہ مسلم لیگ ن کیلئے مشکلات بڑھا دی گئی ہیں۔